وزیرِ اعظم شہباز شریف کے معاونِ خصوصی حذیفہ رحمٰن نے کہا ہے کہ کسی وزیر کے بیان سے حکومتیں نہیں جاتیں، موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے حذیفہ رحمٰن نے کہا کہ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اپنے بیان کی وضاحت کر چکے ہیں، اس لیے اب اس معاملے کو ختم ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ذاتی تعلقات اور دوستی بھی ہے۔
حذیفہ رحمٰن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سے اس نوعیت کے بیان کی توقع نہیں تھی، تاہم ان کی باتوں کو جذباتی سمجھتے ہیں اور اس معاملے پر مزید تبصرہ نہیں کریں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عوامی خدمت مسلم لیگ ن کا نصب العین ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ
معاونِ خصوصی نے کہا کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کی اچھی اتحادی ہے اور دونوں جماعتوں کے درمیان تعاون جاری ہے۔ تاہم ان کے بقول پیپلز پارٹی کے بغیر بھی مسلم لیگ ن کے پاس حکومت برقرار رکھنے کیلئے مطلوبہ نمبرز موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ٹک ٹک‘ صرف مسلم لیگ ن کیلئے نہیں ہوگی بلکہ سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں کیلئےبھی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی آئینی مدت اور سیاسی صورتحال کو محض کسی ایک وزیر کے بیان سے جوڑنا درست نہیں۔
میزبان کےایک سوال کے جواب میں حذیفہ رحمٰن نے اس مؤقف سے اتفاق نہیں کیا کہ مسلم لیگ ن نے 30 سال کا سفر صرف 3 سال میں طے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کیے جانے والے دعوے سے وہ اتفاق نہیں کرتے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہبازشریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزراء نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی
حذیفہ رحمٰن نے مزید کہاکہ تقریباً ایک ماہ قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تمام وزارتوں سے کارکردگی رپورٹس طلب کی تھیں۔ ان کے مطابق وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے رپورٹس اہم کردار ادا کریں گی اور حکومت کی جانب سے وزارتوں کی کارکردگی پر نظر رکھی جا رہی ہے۔




