مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کے تیسرے مرحلے کے دوران ضلع پونچھ اور ضلع سدھنوتی میں 10 اگست کو ہونے والی پولنگ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر موخر کر دی گئی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع پونچھ اور ضلع سدھنوتی کے تمام متعلقہ انتخابی حلقوں میں 10 اگست کو پولنگ نہیں ہوگی جبکہ ضلع باغ کے تین انتخابی حلقوں اور ضلع حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں پولنگ حسبِ معمول 10 اگست کو ہی ہوگی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر ، حکومت سازی کی دوڑ فیصلہ کن مرحلے میں داخل،قائد ایوان کیلئے لابنگ، امیدوار سامنے آگئے
ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پونچھ اور پلندری میں انتخابات موخر کرنے کا فیصلہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے تحفظات اور بعض سیاسی شخصیات و امیدواروں کی جانب سے الیکشن کمیشن کو دی گئی درخواستوں کے پیش نظر کیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف آزاد کشمیر کے مطابق انتخابات کی نئی تاریخ اور نظرِ ثانی شدہ انتخابی شیڈول کا اعلان حالات کا جائزہ لینے اور تمام متعلقہ امور کو مدنظر رکھتے ہوئے بعد ازاں کیا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزادکشمیر:شاہ غلام قادر کا نام بطور مضبوط امیدوار سامنے آگیا
ترجمان کا کہنا ہے کہ انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے تاکہ انتخابات کا انعقاد آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور پُرامن ماحول میں یقینی بنایا جا سکے۔





