سالانہ اجلاس

موجودہ نظام کہیں نہیں جا رہا، شہبازشریف 5 سال وزیراعظم رہیں گے، محسن نقوی

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو مشورہ دوں گاکہ وفاقی کابینہ کے تمام وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم تمام وزارتوں کی کارکردگی کی جانچ تیسرے فریق سےکروائیں اور نتائج عوام کے سامنے رکھیں، تیسرے فریق کی جانچ سے پتا لگے گا کہ کون سی وزارت کتنا کام کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف کی محسن نقوی کا بیان نظرانداز کرنے کی ہدایت،رانا ثنا ءکی تصدیق

محسن نقوی نے کہا کابینہ میں میری حاضری 70 فیصد کے قریب ہے، محسن نقوی نے خود پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے کہا کہ میں نے 30 سال کا سفر 3 سال میں طے کیا، ان کا شکریہ۔

وزیر داخلہ نے کہا آج بھی اس بات پرقائم ہوں کہ نظام بالکل تباہ ہوا ہے، میں نے وہ نظام 80 سال کے تباہ ہونے کاکہا تھا، 80 سال سے جو یہ نظام ہے وہ تباہ ہے۔

اگر وہ چل رہا ہوتا تو ہم کہاں سے کہاں پہنچ جاتے، میں نے حکومت کو بالکل چارج شیٹ نہیں کیا، میں خود حکومت کا حصہ ہوں اپنے آپ کو بالکل چارج شیٹ نہیں کروں گا۔

محسن نقو ی نے کہا لوگوں کی خواہش ہے کہ میرے اوروزیراعظم کےتعلقات خراب ہوجائیں، ساتھ ہی واضح کیا کہ حکومت مدت پوری کرے گی۔

شہبازشریف 5 سال وزیراعظم رہیں گے، موجودہ نظام کہیں نہیں جا رہا اور اپنی آئینی مدت یعنی 5 سال مکمل کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:سیاسی جماعتیں ملکی نظام ٹھیک کریں ورنہ کاکروچ اکھٹے ہوگئے تو سارا نظام الٹ دیں گے ،محسن نقوی

انہوں نے کہا وزیراعظم 14 سے 16 گھنٹے کام کررہےہیں، چیزیں بہتر ہوجائیں تو نتائج ہزار گنا بہتر ہوجائیں گے۔

ایف بی آر کا ریونیوبڑھایا، جنگ جیتی، سفارتی سطح پرکامیابیاں حاصل کیں، وزیراعظم کو سسٹم ٹھیک ملتا تو ملک کو سو گنا تیزی سے آگے لےکر جاتے۔