مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) حلقہ پانچ کھاوڑہ میں قائم مقام صدر وامیدوار پیپلزپارٹی چوہدری لطیف اکبر پر قاتلانہ حملہ ، مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ ثاقب مجید کے کارکنوں جن میں یاسر کاظمی،فواد ،احمد سمیت 5 نامعلوم افراد کی کی جانب سے کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی کارکنوں کی شدید فائرنگ ،مسلم لیگ ن کے کارکنان کی جانب سے چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر فائرنگ کی گئی ۔چوہدری لطیف اکبر نے مشکل سے اپنی جان بچائی۔
دوسری جانب وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر حملے کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر اور آئی جی پولیس سے ذمہ داروں کو فی الفور کیفرکرداراور گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایل اے 27 میں ووٹس اب 4 اگست کو ڈالے جائیں گے: چیف الیکشن کمشنر
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا انتخابی عمل کے دوران سکیورٹی کی ناقص صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ صدر ریاست چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کشمیر میں وقار اور اصول پسندی کی سیاست پر ایک طمانچہ ہے۔
فیصل ممتاز راٹھور کا کہناتھا کہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے شرپسند عناصر نے صدر ریاست چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کرکے ناقابل برداشت حرکت کی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر الیکشن سیل نے چوہدری لطیف اکبر پر حملے کیخلاف چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو ہنگامی شکایت ارسال کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار پر حملہ نہ صرف انتخابی عمل پر حملہ ہے بلکہ ریاست کے آئینی وقار پر بھی حملہ ہے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ یاسر شاہ، احمد شاہ اور فواد شاہ نے چوہدری لطیف اکبر پر جسمانی حملہ کیا۔ پیپلز پارٹی کے مطابق قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر پر حملہ محض ایک انتخابی بے ضابطگی نہیں بلکہ ریاست کے آئینی منصب اور ریاستی نظم پر حملہ ہے، جس پر اعلیٰ ترین سطح پر فوری ادارہ جاتی ردعمل ناگزیر ہے۔
پیپلز پارٹی نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ متعلقہ حکام سے مسلسل رابطہ ہے اور انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ نامزد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ اس حملے کا فوری اور اعلیٰ سطح پر نوٹس لیا جائے، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کر کے یاسر شاہ، احمد شاہ اور فواد شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے،۔
ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے اور مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے، حلقہ ایل اے 31 میں پولنگ کے بقیہ وقت کیلئے قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر کی سکیورٹی مزید مضبوط کی جائے، جبکہ اس حملے کی اجازت دینے والی سکیورٹی غفلت کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر پر حملہ دراصل ریاست پر حملہ ہے، جس پر الیکشن کمیشن کی فوری مداخلت ناگزیر ہے۔یہ شکایت پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر الیکشن سیل کے انچارج عبدالشکور کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو ارسال کی گئی،۔




