بارشوں

ملک بھر میں تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا فعال سلسلہ سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان میں بارشوں کا سبب بنے گا جبکہ بعض علاقوں میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شام سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ سندھ کے تھرپارکر، سکھر، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، خیرپور، میرپورخاص، عمرکوٹ اور دیگر اضلاع کو متاثر کر سکتا ہے، جہاں بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔

پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، شیخوپورہ، قصور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ اور بہاولنگر سمیت متعدد اضلاع میں بھی تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:این ڈی ایم اے کا 5 اگست تک مون سون الرٹ، ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کا خدشہ

بالائی خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، شانگلہ اور ایبٹ آباد کے علاوہ مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

کشمیر، مری، گلیات، پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، خیبرپختونخوا اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے شمال میں موجود ہوا کے کم دباؤ کا نظام مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے زیر اثر مون سون ہوائیں مسلسل پاکستان کے جنوب مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں اور بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

پیشگوئی کے مطابق ہفتے کے روز سندھ کے بیشتر علاقوں جبکہ پنجاب، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوگی، جبکہ سندھ اور شمال مشرقی پنجاب کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مون سون ہوائیں داخل، شدید بارشوں کا امکان

آج بھی ملک کے بیشتر بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ، پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ملک کے گرم ترین علاقوں میں دالبندین میں 45 اور سبی و نوکنڈی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔