نیلم: سرد موسم کے پیشِ نظر ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا سیاحوں کے لیے اہم انتباہ

نیلم : ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے وادی نیلم میں شدید سرد موسم، برفباری اور سیاحوں کی آمد کے پیشِ نظر تمام سیاحوں کو محتاط رہنے کی سخت ہدایت کی ہے۔ رتی گلی، بابون، پتلیاں اور چٹا کٹھہ سمیت دیگر اہم سیاحتی مقامات اور دشوار گزار ٹریکس پر سفر کرنے والے سیاحوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

سیاحوں کے لیے اہم احتیاطی تدابیر:

سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پہاڑی علاقوں کا رخ کرتے وقت گرم کپڑے، ہائیکنگ شوز، ضروری ادویات اور چھوٹا آکسیجن سلنڈر لازمی ساتھ رکھیں۔ اس کے علاوہ سورج غروب ہونے سے پہلے اپنی منزل پر واپس پہنچیں اور اندھیرے میں سفر کرنے سے مکمل طور پر گریز کریں۔

برف پوش علاقوں میں سفر کے دوران گاڑی کے لیے سنو چین اپنے ساتھ رکھیں اور ضرورت پڑنے پر گاڑی کے ٹائروں پر چڑھا کر ہی سفر کریں۔

یہ بھی پڑھیں: وادیِ نیلم میں شدید بارش اور برفباری ، انتظامیہ کی سیاحوں اور شہریوں کیلیے انتباہی ہدایات

رہنما ہدایات اور مقامی افراد سے اپیل:

انتظامیہ کی جانب سے مزید ہدایت کی گئی ہے کہ چھوٹے بچوں، خواتین اور بزرگوں کو دشوار گزار علاقوں اور خطرناک ٹریکس پر لے جانے سے گریز کیا جائے، جبکہ سفر کے دوران مقامی ٹور گائیڈ کی خدمات ضرور حاصل کی جائیں۔

مقامی افراد، گیسٹ ہاؤس مالکان اور ڈرائیور حضرات سے بھی خاص اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیاحوں کو موسم اور زمینی حالات کے پیشِ نظر خطرناک اور دشوار گزار علاقوں کی جانب جانے سے روکیں اور ان کی حفاظت کو پہلی ترجیح دیں۔

ہنگامی رابطہ نمبرز

کسی بھی ناگہانی یا ہنگامی صورتِ حال میں ریسکیو سروس، ضلعی انتظامیہ یا مقامی پولیس سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے:

05821920001،05821920001+،03558126666+،05821930005+

سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وادی نیلم کی قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ اپنی جان و مال کی حفاظت کو مقدم رکھیں اور ان تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔