وادی نیلم : سرد موسم، برفباری، ڈی ڈی ایم اے کا سیاحوں کیلئے انتباہ جاری

نیلم (راجہ ساجد) ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے وادی نیلم میں سرد موسم، برفباری اور سیاحوں کی آمد کے پیشِ نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔

ڈی ڈی ایم اے نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ رتی گلی، بابون، پتلیاں اور چٹا کٹھہ سمیت دیگر سیاحتی مقامات اور دشوار گزار ٹریکس پر سفر کرنیوالے سیاحوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پہاڑی علاقوں کا رخ کرتے وقت گرم کپڑے، ہائیکنگ شوز، ضروری ادویات اور چھوٹا آکسیجن سلنڈر ساتھ رکھیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی اشاروں پر چلنے والی ایکشن کمیٹی کے دن گنے جاچکے،عوامی حلقے

ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ سورج غروب ہونے سے پہلے اپنی منزل پر واپس پہنچیں اور اندھیرے میں سفر سے گریز کریں۔

ترجمان کے مطابق برف پوش علاقوں میں سفر کے دوران سنو چین ساتھ رکھیں اور ضرورت پڑنے پر گاڑی کے ٹائروں پر چڑھا کر سفر کریں۔

مزید ہدایت کی گئی ہے کہ چھوٹے بچوں، خواتین اور بزرگوں کو دشوار گزار علاقوں اور خطرناک ٹریکس پر لے جانے سے گریز کیا جائے جبکہ مقامی ٹور گائیڈ کی خدمات ضرور حاصل کی جائیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت کالعدم ایکشن کمیٹی کی ناکہ بندی ختم، بلاامتیاز کارروائی کرے، عوامی حلقوں کا مطالبہ

مقامی افراد، گیسٹ ہاؤس مالکان اور ڈرائیور حضرات سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ سیاحوں کو موسم اور زمینی حالات کے پیشِ نظر خطرناک اور دشوار گزار علاقوں کی جانب جانے سے روکیں اور ان کی حفاظت کو ترجیح دیں۔

کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں ریسکیو سروس، ضلعی انتظامیہ یا مقامی پولیس سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ہنگامی رابطہ نمبرز0582192000105821920001+03558126666+:05821930005+

سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وادی نیلم کی قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ اپنی جان و مال کی حفاظت کو مقدم رکھیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔