وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کالعدم عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی پاکستان اورآزاد کشمیر کے تاریخی رشتے کو چیلنج کر رہی ہے ، پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے درمیان تعلقات قربانیوں، اعتماد اور مشترکہ تاریخ پر استوار ہیں۔
سیالکوٹ میں ایک سیاسی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 36 جموں 3 کے اُمیدوار کی انتخابی مہم کی حمایت کیلئے آئے ہیں۔
انہوں نے 1947ء کی ہجرت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تقسیم ہند کے دوران لاکھوں مہاجرین خون کی لکیر عبور کر کے پاکستان پہنچے جبکہ تقریباً اڑھائی لاکھ افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ان مہاجرین کو اپنا سمجھا اور ان کی ہر ممکن معاونت کی ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ 78 برسوں کے دوران انتخابات میں مختلف سیاسی اختلافات سامنے آتے رہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور آزادکشمیر کے لازوال رشتے کو چیلنج کیا جا رہا : خواجہ آصف
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصے میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں کے باعث پاکستان میں آباد مہاجرین کا معاملہ ایک نمایاں سیاسی موضوع بن گیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس طرزِ عمل سے پاکستان اور آزاد کشمیر کے باہمی تعلقات پر منفی اثر ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ ایک گروہ نے ماضی میں پیپلز پارٹی کی حکومت اور وفاقی حکومت پر دباؤ ڈال کر 25 ارب روپے حاصل کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب یہی گروہ مختلف معاملات کو بنیاد بنا کر دونوں حکومتوں کے درمیان تعلقات کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کو تیز کیا جائے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرے خلاف پروپیگنڈا سے مودی کی ساکھ بحال نہیں ہو سکتی، خواجہ آصف
انہوں نے بالخصوص نکاسیٔ آب، سڑکوں، صحت اور دیگر بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل حکومتوں کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔




