شاہین آفریدی

سری لنکا پریمیئر لیگ : پاکستان کے 2 نئے اسٹار کرکٹرز کی انٹری، شاہین آفریدی دستبردار

پاکستان کے 2 مزید کرکٹرزخواجہ نافع اور تجربہ کار آل راؤنڈر افتخار احمد سری لنکا پریمیئر لیگ کی مختلف فرنچائزز کا حصہ بن گئے ہیں جبکہ قومی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ذاتی وجوہات کی بناء پر لیگ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایل پی ایل کی فرنچائز جافنا کنگز نے خواجہ نافع کو اپنے اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔ وہ افغانستان کے اوپننگ بلے باز ابراہیم زدران کی جگہ ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔

حالیہ عرصے میں محدود اوورز کی کرکٹ میں متاثر کن کارکردگی کے باعث خواجہ نافع کو پاکستان کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور ایل پی ایل میں شرکت ان کیلئے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا اہم موقع تصور کی جا رہی ہے۔

ادھر دمبولا سکسرز نے پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر افتخار احمد کو اپنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ وہ افغانستان کے فاسٹ بولر فضل حق فاروقی کے متبادل کے طور پر اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔

افتخار احمد اپنی جارحانہ بیٹنگ اور مؤثر آف اسپن بولنگ کی بدولت ٹی20 کرکٹ کے ایک کارآمد آل راؤنڈر سمجھے جاتے ہیں، جس سے ٹیم کو بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:لنکا پریمیئر لیگ ،شاہین آفریدی دوران میچ ڈراپ، اینٹی کرپشن یونٹ آفیشل سے شکایت

دوسری جانب کینڈی رائلز نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اب سری لنکا پریمیئر لیگ میں حصہ نہیں لیں گے۔ فرنچائز کے مطابق انہوں نے ذاتی وجوہات کی بناء پر ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کی ہے۔

ایل پی ایل میں قومی ٹیموں کی مصروفیات، کھلاڑیوں کی انجریز اور دیگر ناگزیر حالات کے باعث فرنچائزز کو اکثر اپنے اسکواڈ میں تبدیلیاں کرنا پڑتی ہیں۔

اسی سلسلے میں مختلف ٹیمیں متبادل کھلاڑیوں کو شامل کر رہی ہیں تاکہ اسکواڈ کا توازن اور ٹیم کی کارکردگی برقرار رکھی جا سکے۔

سری لنکا پریمیئر لیگ جنوبی ایشیا کی نمایاں ٹی20 فرنچائز لیگوں میں شامل ہے، جہاں پاکستان، سری لنکا، افغانستان، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور دیگر ممالک کے معروف کرکٹرز شرکت کرتے ہیں۔

پاکستانی کھلاڑی ماضی میں بھی ایل پی ایل میں اپنی شاندار کارکردگی سے شائقین کرکٹ کو متاثر کرتے رہے ہیں، جس کے باعث لیگ میں ان کی اہمیت برقرار ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سلیکشن کمیٹی کا شاہین آفریدی کو ٹیسٹ کرکٹ سے چھٹی دینے کا فیصلہ

اس سیزن میں بھی  مایہ ناز نوجوان قومی بیٹر خواجہ نافع اور آل راؤنڈرافتخار احمد کی شمولیت شائقین کی دلچسپی کا باعث بنے گی۔