واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ بورڈ آف پیس نے غزہ میں حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ کرلیا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف پیس نے غزہ میں حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ کرلیا، جیسے ہی غزہ غیر مسلح کرنے کا عمل مکمل ہوگا، اسرائیلی افواج واپس چلی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:بندر پر آنسو، غزہ کی بچی پر خاموشی؟کیوبن سفارتخانے نے عالمی ضمیر جھنجھوڑ دیا
ٹرمپ نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی اسرائیل کو وہ تحفظ حاصل ہوگا جس کا وہ حقدار ہے، غزہ اب حملوں کے اڈے کے طور پر استعمال نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ معاہدہ20 نکاتی منصوبے کے نفاذ میں یہ ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ معاہدہ احتیاط سے مرتب شدہ مراحل میں کیا جائے گا۔ جیسے ہی تخفیف اسلحہ مکمل ہو جائے گا، اسرائیلی فوجیں پیچھے ہٹ جائیں گی، اور بین الاقوامی استحکام فورس ایک نئی فلسطینی پولیس فورس کے ساتھ مل کر غزہ کے رہائشیوں اور اس کے پڑوسیوں کے لیے محفوظ رہنے کی ذمہ داری لے گی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں ثالثوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں مصر، قطر، اور ترکیہ کا اور خاص طور پر اپنی شاندار ٹیم، جن کی انتھک محنت سے یہ تاریخی پیش رفت ممکن ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:غزہ میں کون کونسے مسلم ممالک اپنی فوج بھیجیں گے،ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا
ٹرمپ نے اعلان کیا کہ اس معاہدے کے تحت غزہ بالآخر ایک نئی فلسطینی حکومت کے ہاتھ میں ہو گا جو اس کے لوگوں کی خدمت کرے گی۔
دوسری طرف ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیل نے موجودہ مجوزہ شرائط پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، جبکہ عملی نفاذ اور حتمی منظوری کے مراحل ابھی باقی ہیں۔




