میرپور :میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈویژنل ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور ڈاکٹر راجہ اعجاز نے کہا ہے کہ میرپور فائرنگ واقعہ میں ایک شخص جاں بحق اور 3زخمی ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر راجہ اعجاز نے بتایا کہ منگل کو میرپور میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے فوراً بعد چار زخمیوں کو ڈویژنل ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی، ٹراما، نرسنگ اور پیرا میڈیکل ٹیموں نے فوری طور پر متحرک ہو کر زخمیوں کو بروقت اور بہترین طبی سہولیات فراہم کیں۔
یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کا متنازعہ بیان: سردارابراہیم اور سردارعبدالقیوم کو غدار قرار دیدیا
زخمیوں میں شامل سہیل نامی مریض زخموں کی شدت کے باعث دورانِ علاج جاں بحق ہو گیا، جبکہ دیگر تین زخمی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے سینئر ماہرین، نرسنگ اسٹاف اور پیرا میڈیکل عملہ زخمیوں کی مسلسل نگہداشت کر رہا ہے ، عوام حوصلہ رکھیں زخمیوں کو ہر ممکن اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ ہر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر مستعد ہے اور ہسپتال میں لائے جانے والے تمام مریضوں کو بلاامتیاز بروقت، مؤثر اور بہترین طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
ڈاکٹر راجہ اعجاز نے جاں بحق ہونے والے شخص کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ موجودہ صورتحال کے حوالے سے کسی بھی قسم کی غیر مصدقہ اطلاعات یا افواہوں پر ہرگز یقین نہ کریں اور نہ ہی انہیں آگے پھیلائیں۔
یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کے غیر مسلح ہونے کے دعوے آشکار: راولاکوٹ میں گرفتار کارندے کے ہوشربا انکشافات
درست اور مستند معلومات صرف حکومت کے مجاز ذرائع اور متعلقہ سرکاری اداروں سے حاصل کریں تاکہ بے بنیاد خبروں کے باعث عوام میں بے چینی اور غلط فہمیاں پیدا نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور محکمہ صحت مکمل طور پر متحرک ہیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔
یاد رہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے کہا جارہا تھا کہ میرپور میں 10لوگوں کو مارا گیا ہے اور کچھ زخمی ہیں۔




