پشاور: خیبر پختونخوا میں کوہ پیمائی کے شعبے میں بڑا کارنامہ سامنے آیا ہے، جہاں 9 رکنی کوہ پیما ٹیم نے 6050 میٹر بلند ‘تھلو زوم’ چوٹی کامیابی سے سر کر لی ہے۔
خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے مطابق تھلو زوم چوٹی ہندوکش پہاڑی سلسلے کی مشکل ترین اور کم سر کی جانے والی چوٹیوں میں شمار کی جاتی ہے۔
8 روزہ دشوار گزار مہم کے بعد فتح:
ٹورازم اتھارٹی کا بتانا ہے کہ کوہ پیماؤں نے 8 روزہ دشوار گزار اور انتہائی مشکل مہم جوئی کے بعد تھلو زوم چوٹی کے سرے پر پہنچ کر قومی پرچم لہرایا۔
یہ بھی پڑھیں: 300 ملین ڈالر سالانہ، رونالڈو کی کمائی کے نئے اعداد و شمار جاری
یہ اہم مہم جوئی 9 جولائی کو شروع کی گئی تھی اور کوہ پیما ٹیم نے تمام تر ترجیحات اور تدابیر کو اپنااتے ہوئے 17 جولائی کو اس چوٹی کو کامیاب طور پر فتح کیا۔
کمراٹ اور چترال کے خطرناک راستوں سے سفر:
اس مہم کے دوران کوہ پیماؤں نے کمراٹ اور چترال کے دشوار گزار راستوں، خوفناک گلیشیئرز اور خطرناک برفانی دراڑوں کو عبور کرتے ہوئے اپنی منزل حاصل کی۔
چوٹی کی تاریخی اہمیت:
خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے مطابق تھلو زوم چوٹی کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو اسے سب سے پہلے 1971ء میں ایک آسٹریلوی ٹیم نے سر کیا تھا، جبکہ 2019ء میں اطالوی کوہ پیماؤں نے اس چوٹی پر کامیابی سے قدم رکھے تھے۔




