خواجہ آصف

پاکستان اور آزادکشمیر کے لازوال رشتے کو چیلنج کیا جا رہا : خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابی منظرنامے اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی طویل سیاسی زندگی میں آزاد کشمیر کے متعدد انتخابات دیکھے ہیں، تاہم موجودہ الیکشن جس مخصوص اور حساس پس منظر میں ہو رہے ہیں، اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔

ایل اے 36 جموں 3 میں پارٹی کارکنوں اور ووٹرز کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے درمیان موجود تاریخی اور لازوال رشتے کو دانستہ طور پر چیلنج کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کشمیری مہاجرین کی قربانیوں اور معاشرے میں ان کے اعلیٰ مقام کو سراہتے ہوئے بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا تاریخی قول دہرایا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے  اور اس شہ رگ کی حفاظت کے لیے ہر حد تک جایا جائے گا۔

خواجہ آصف نے راولا کوٹ میں حالیہ دنوں میں ہونے والی بعض تقاریر اور بیانیے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وہاں تقریریں کرنے والوں کو “احسان فراموش” قرار دیا۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ یہ آزادی ہمیں کسی تحفے میں نہیں ملی بلکہ اس کے پیچھے ان گنت جانوں کے نذرانے اور شہدا کا خون شامل ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میرے خلاف پروپیگنڈا سے مودی کی ساکھ بحال نہیں ہو سکتی، خواجہ آصف

انہوں نے بیرون ملک مقیم بعض عناصر کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور سوال اٹھایا کہ کیا برطانیہ کے پرآسائش ماحول میں بیٹھ کر سیاست چمکانے والا کوئی بھی شخص ان مقامی کشمیریوں کی برابری کر سکتا ہے جو زمین پر رہ کر مشکلات کا سامنا کرتے ہیں؟۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن محض ایک سیاسی عمل نہیں بلکہ کشمیر کاز سے سچی محبت اور کشمیریوں کی حقیقی حفاظت کا معرکہ ہے جو آزاد کشمیر کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کرے گا۔

پاک فوج کے کردار اور ملکی دفاع پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران چار ہزار سے زائد جوانوں اور افسران کی قربانیاں دینے والی سیکیورٹی فورسز کے خلاف ایک منظم مہم کے تحت گالی گلوچ اور تنقید کی جا رہی ہے، جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی منظرنامے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی یا جنگ کی صورتحال میں پاکستان کا نام مسلسل عالمی میڈیا اور ٹی وی اسکرینز پر نظر آتا ہے، جو ملکی سلامتی کے چیلنجز کو ظاہر کرتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مودی کی جعلی عالمی اعزازات کی کہانی انتہائی شرمناک،خواجہ آصف کی تنقید

انہوں نے واضح کیا کہ فیلڈ مارشل ہو یا عام سپاہی، فوج کا وطن سے رشتہ صرف اور صرف مٹی سے محبت کا ہے۔ خواجہ آصف نے ملک کی عزت و وقار کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے تمام شہدا اور غازیوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔