امریکا نے ایران کے خلاف مسلسل 13 ویں رات بھی فوجی کارروائیاں جاری رکھیں جبکہ ایرانی شہر اہواز میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ( سینٹ کام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ امریکی افواج نے جمعرات کی شب ایران کے فوجی اہداف پر ایک اور حملہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ابھی زیادہ تکلیف نہیں پہنچی، ٹرمپ نے ایران کو ایک اور دھمکی دیدی
بیان کے مطابق یہ کارروائیاں مسلسل 13 ویں رات جاری رہیں۔
سینٹ کام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد ایران کو اس کے اقدامات پر جوابدہ بنانا اور پاسداران انقلاب کی جانب سے تجارتی بحری جہازوں کو لاحق خطرات کو کم کرنا ہے۔
دوسری جانب ایران کے صوبہ خوزستان کے دارالحکومت اہواز کے رہائشیوں نے جمعہ کی علی الصبح متعدد زور دار دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران کیخلاف بڑی کارروائی کی تیاریاں،امریکی فوجی دستوں کی تعیناتی شروع
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکوں کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔
ادھر امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نےکہا ہے کہ تجارتی جہازوں کے نقصان کی ادائیگی ایران کے منجمد اثاثوں سے کی جائے گی، تمام نقصانات ایرانی رقم سے پورے کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران پر امریکی حملے: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے جہازوں، ان کے کارگو یا ان سے متعلق کسی بھی قسم کے نقصان کا ازالہ امریکا کے زیرِ قبضہ اور کنٹرول میں موجود ایرانی فنڈز سے کیا جائے گا۔
ٹرمپ نےکہا کہ یہ نقصانات بہت زیادہ بھی ہو سکتے ہیں، تاہم ہمارا ماننا ہے کہ یہی منصفانہ اور عادلانہ اقدام ہے، اس معاملے پر توجہ دینے کا شکریہ۔




