میرپور ڈویژن انتخابات،سرکاری ملازمین مکمل غیرجانبدار رہیں، ڈی سی کوٹلی

کوٹلی :میرپور ڈویژن میں 27جولائی 2026 کو ہونے والے عام انتخابات کے پرامن، شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانے اور الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر کوٹلی راجہ عمران شاہین کی زیر صدارت سرکاری محکموں کے سربراہان کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) عدیل احمد لنگڑیال، میئر بلدیہ چوہدری محمد تاج سمیت مختلف ضلعی محکموں کے سربراہان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات میں 2ماہ تاخیر کی آئینی گنجائش موجود، سردار یعقوب کا دعویٰ

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجہ عمران شاہین نے کہا کہ عام انتخابات کے دوران تمام سرکاری افسران اور ملازمین پر یہ قومی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مکمل غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں اور الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی ہر صورت پابندی کریں۔

انہوں نے واضح ہدایت کی کہ کوئی بھی سرکاری افسر یا ملازم کسی بھی انتخابی یا سیاسی سرگرمی میں براہِ راست یا بالواسطہ شریک نہ ہو اور نہ ہی کسی امیدوار یا سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت کا تاثر پیدا ہونے دے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکمہ جات کے سربراہان اپنی ذاتی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ اپنے ماتحت عملہ کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھیں تاکہ کوئی ملازم ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران سرکاری ملازمین کی غیر جانبداری پر مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے لہٰذا ہر افسر اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کا محکمہ آئین، قانون اور الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق اپنے فرائض پوری دیانتداری، شفافیت اور ذمہ داری سے انجام دے۔

راجہ عمران شاہین نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ باہمی رابطہ، تعاون اور مؤثر ہم آہنگی کے ذریعے انتخابی عمل کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ عوام کو آزادانہ، منصفانہ اور پرامن ماحول میں حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع میسر آ سکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی عدیل احمد لنگڑیال نے کہا کہ عام انتخابات کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اپنی تمام تر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ انتخابی عمل کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے تمام سرکاری محکموں کا تعاون ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن سبوتاژ کرنیکی ناکام کوششیں، ہم پرامن انتخابات یقینی بنائیں گے،چیف الیکشن کمشنر

انہوں نے کہا کہ آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، جس کی انجام دہی کے لیے تمام اداروں کو باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع کوٹلی میں عام انتخابات 2026 کے انعقاد کے دوران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد، امن و امان کے قیام، اداروں کے درمیان موثر رابطہ اور سرکاری ملازمین کی غیر جانبداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی تاکہ انتخابی عمل شفاف، آزادانہ اور پرامن انداز میں مکمل ہو سکے۔