انتخابات میں 2ماہ تاخیر کی آئینی گنجائش موجود، سردار یعقوب کا دعویٰ

اسلام آباد :سابق صدر و وزیراعظم کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے مطالبہ کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات پورے آزادکشمیر اور مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کی نشستوں پر ایک ہی روز کرائے جائیں۔

موجودہ حالات میں اگر انتخابات کا انعقاد فوری طور پر ممکن نہیں تو آئینی طور پر ایک سے دو ماہ کی تاخیر کی گنجائش موجود ہے، تاہم اگر مرحلہ وار انتخابات ناگزیر قرار پاتے ہیں تو مہاجرین کی نشستوں پر پولنگ بھی پونچھ ڈویژن کے ساتھ آخری مرحلے میں کرائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:مجھے دوتہائی اکثریت دیں، وعدہ ہے کشمیری عوام کے حقوق کی ترمیم لائوں گا، بلاول بھٹو زرداری

نیشنل پریس کلب میں مولانا سعید یوسف اور حافظ صغیر خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات ایک ہی دن کرانا زیادہ مناسب، شفاف اور قابل قبول طریقہ ہے۔

انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام علاقوں اور حلقوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ کسی سیاسی جماعت، امیدوار یا علاقے کو انتخابی عمل کے حوالے سے تحفظات پیدا نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کو سامنے رکھتے ہوئے اگر انتخابات مقررہ وقت پر ایک ہی روز کرانا ممکن نہیں تو آئینی طور پر انتخابات میں ایک سے دو ماہ کی تاخیر کی گنجائش موجود ہے۔

اس لیے جلد بازی میں ایسا انتخابی طریقہ اختیار کرنے کے بجائے تمام فریقوں کے لیے قابل قبول راستہ نکالا جانا چاہیے جس سے انتخابی عمل کی ساکھ بھی برقرار رہے اور عوام کا اعتماد بھی متاثر نہ ہو۔

سابق صدر آزادکشمیر نے کہا کہ اگر حالات کے باعث مرحلہ وار انتخابات کرانا ناگزیر ہو جائیں تو مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کی نشستوں پر انتخابات پہلے کرانے کے بجائے انہیں پونچھ ڈویژن کے ساتھ آخری مرحلے میں رکھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل کے حوالے سے ایسا طریقہ اختیار ہونا چاہیے جس پر تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد ہو۔

سردار محمد یعقوب خان نے آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے سامنے آنے والی بعض اطلاعات اور الزامات کو بھی مسترد کیا۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کے اعلان پر فوری عملدرآمد،15کلینک آن ویلز آزاد کشمیر روانہ

انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں مہاجرین کی نشستوں کے معاملے کے علاوہ کسی دوسرے ایجنڈے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ اس حوالے سے پھیلائی جانے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض لوگ اپنی روزی روٹی اور ذاتی مفادات کے لیے اس قسم کی افواہیں پھیلا رہے ہیں اور آل پارٹیز کانفرنس سے ایسی باتیں منسوب کی جا رہی ہیں جو وہاں زیر بحث ہی نہیں آئیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات میں حقائق کو مسخ کرنے اور غیر ضروری افواہیں پھیلانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔

سردار محمد یعقوب خان نے مسلم لیگ (ن) کے مظفرآباد میں ہونے والے جلسے اور اس میں کیے گئے اعلانات پر بھی تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ جلسے میں آزادکشمیر کے لیے 10 ارب روپے اور پنک بسیں دینے سمیت مختلف اعلانات کیے گئے، لیکن یہ محض اعلانات ہیں۔ اگر یہ سہولیات آزادکشمیر کے عوام کو دینی ہی تھیں تو ایک سال پہلے کیوں نہیں دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے قریب بڑے بڑے اعلانات کرنے سے سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ آزادکشمیر کے عوام کو ان کے حقوق اور ضروری سہولیات بروقت ملنی چاہئیں اور انہیں انتخابی اعلانات تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کی مظفرآباد تقریر پر پیپلز پارٹی کا شدید ردعمل،ستھرا پنجاب محض ایک فراڈ ہے،ندیم افضل چن

انہوں نے آزادکشمیر میں انٹرنیٹ سروس کی مکمل بحالی کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ موجودہ دور میں انٹرنیٹ عوام، طلبہ، کاروباری طبقے، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لیے بنیادی ضرورت بن چکا ہے۔

سابق صدر و وزیراعظم آزادکشمیر نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور کشمیری عوام کی جدوجہد اپنے بنیادی حق، حق خودارادیت کے حصول کے لیے ہے۔