پیٹرول پمپ مالکان کی ہرٹال موخر،قیمتوں کے تعین کا معاملہ 15روز میں حل ہوگا

وفاقی وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک کے ساتھ ملاقات کے بعدپیٹرول پمپ مالکان نے ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے مطابق وفاقی حکومت نے منافع مارجن کا معاملہ 2 ہفتوں میں حل کروانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے کل ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رکھنے کا اعلان تھا، جس کے بعد جمعرات کی شام وفاقی حکومت اور پیٹرول اونرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول 4 روپے93پیسے ،ڈیزل 7روپے 15پیسے فی لیٹر مہنگا، نوٹیفکیشن جاری

وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا اندازہ ہے، خطے میں ایک بار پھر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں جس کی وجہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ان ہی حالات کی وجہ سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مجبوری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع مارجن کا معاملہ چند سالوں سے لٹکا ہوا ہے جس کی سمری اوگرا سے مشاورت کے بعد کابینہ میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نےپیٹرولیم ڈیلرز کے نمائندوں کو یہ معاملہ 2 ہفتوں میں حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔

پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے نمائندے نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ علی پرویز ملک نے ہمارے ساتھ ایک تحریری معاہدہ کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ منافع مارجن کا معاملہ 2 روز میں حل ہوجائے گا اور روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں طے کرنے کے معاملے پر بھی نظرثانی ہوگی۔

پیٹرولیم شعبے سے وابستہ مختلف کاروباری تنظیموں نے متفقہ طور پر حکومت کے سامنے تین مطالبات رکھے تھے۔ پہلا مطالبہ یہ ہے کہ ڈیلرز کے منافع کا مارجن 2.6 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کیا جائے۔

دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کے بجائے دوبارہ 15 روزہ یا ماہانہ بنیادوں پر کیا جائے، جب کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے نافذ کئے گئے کوٹہ سسٹم کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے 18 جولائی کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے سپرد کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ نئی قیمتیں اوگرا اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال: وفاقی وزیر پیٹرولیم نے دوبارہ مذاکرات کی دعوت دے دی

اس فیصلے کے بعد 18 جولائی کی رات آئندہ تین روز کے لیےپیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین جاری ہے۔

حکومت کی نئی پالیسی پر عوام، ٹرانسپورٹرز اور پیٹرول پمپ مالکان مسلسل تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔

ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے بعد ملک بھر میں ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے جبکہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے تمام دھڑوں نے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں احتجاج اور ہڑتال کا اعلان کر رکھا تھاجسے حکومتی یقین دہانی کے بعد فی الاحال موخر کردیا گیا ہے۔