بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے مشترکہ طور پر شروع کیا گیا “آپریشن شعبان” کامیابی کے ساتھ جاری ہے، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز کی فتنہ الخوارج کے خلاف علاقے میں انتہائی مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو زمین اور فضا دونوں اطراف سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان مربوط ہوائی اور زمینی کارروائیوں کے نتیجے میں خارجی دہشتگردوں کو بھاری اور ناقابلِ تلافی مالی و جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس سے ان کا نیٹ ورک بری طرح تباہ ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ : نیو بس اسٹینڈ پر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی اندھا دھند فائرنگ، رینجرز کا ایک اہلکار شہید، ایک زخمی
ہلاک دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 121 تک پہنچ گئی:
سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین معلومات کے مطابق، فورسز کی ان مؤثر اور طوفانی کارروائیوں کے دوران مزید 4 خارجی دہشتگردوں کے جہنم واصل ہونے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ان تازہ ہلاکتوں کے بعد اکیلے “آپریشن شعبان” کے دوران جہنم واصل ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد اب 83 تک پہنچ چکی ہے۔
ذرائع نے مزید تصدیق کی ہے کہ 5 جولائی سے لے کر اب تک جاری رہنے والے “آپریشن شعبان” اور صوبے کے دیگر مختلف علاقوں میں کیے جانے والے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کے دوران مجموعی طور پر 121 خارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے کہ بلوچستان کی دھرتی سے آخری دہشتگرد کے مکمل خاتمے تک “آپریشن شعبان” پوری طاقت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔




