ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری، محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو نوید سنا دی ہے کہ بارشوں کا یہ اسپیل ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ لاہور سے لے کر کراچی تک موسم کی صورتحال یکسر بدل چکی ہے اور مختلف شہروں میں بادل برسنے کے ساتھ ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ بدستور برقرار رہے گا۔

ملک کے گوناگوں علاقوں میں موسلا دھار اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گزشتہ دو روز کے دوران ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں مختلف اضلاع اور صوبائی دارالحکومتوں میں گرمی، حبس اور گھٹن کی شدت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی:

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج بھی وقفے وقفے سے بادل برسنے اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بارش کے باعث شہر کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے، جہاں صبح کے وقت درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور دن کے اوقات میں 27 ڈگری تک جانے کی توقع ہے۔ اسلام آباد میں ہوائیں 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے اور نمی کا تناسب 96 فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے، جبکہ بارشوں کا یہ سلسلہ آنے والے دو سے تین روز تک برقرار رہے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ محکمہ موسمیات نے کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: موسلادھار بارش،روات میں سیلابی ریلے سے کئی گھر تباہ،شہری نقل مکانی پر مجبور

لاہور میں جزوی ابر آلود موسم اور درجہ حرارت کی صورتحال:

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بھی بادل برسنے کا امکان روشن ہے۔ شہر میں پچھلے دو دنوں کی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ چکا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔ لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ اس کے علاوہ شہر میں ہوائیں 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی جس سے حبس کی کیفیت ختم ہو گئی ہے۔

کراچی کا موسم اور فضائی معیار کی تفصیلا ت:

سندھ کے دارالحکومت کراچی کے موسمی حالات پر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور مختلف حصوں میں بوندا باندی کا امکان موجود ہے۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہرِ قائد میں جنوب مغربی سمت سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد درج کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی شہر کا فضائی معیار بھی تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر عام انتخابات: خراب موسم اور بارش کے باعث نکیال میں پیپلز پارٹی کا جلسہ ملتوی