مون سون کا نیا سسٹم داخل، کشمیر میں بادل برسنے کا امکان

محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔ اتوار کو صبح کے وقت وفاقی دارالحکومت، خطہ پوٹھوہار، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مون سون بارشوں کا نیا سسٹم پاکستان میں داخل ہو گیا ہے جس کے اثرات کے باعث آج لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں دن بھر دھوپ اور بادلوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ دوپہر کے بعد شہر میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں مطلع ابر آلود؛ محکمہ موسمیات نے ملک کے متعدد اضلاع میں بارش کی نوید سنا دی

متوقع بارشوں کے پیش نظر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے نے ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں اور حساس مقامات پر پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ دوسری جانب ایم ڈی واسا غفران احمد نے بھی لاہور میں بارش کے امکانات کے باعث تمام آپریشنل عملے کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک شہر کی شاہراہوں اور نشیبی علاقوں سے بارش کا پانی مکمل طور پر نکال نہیں لیا جاتا افسران اور فیلڈ عملہ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتا رہے گا۔ حکام نے شہریوں کو بھی بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسم سے متعلق تازہ صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید پڑھیں: مختلف علاقوں میں طوفانی بارشیں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ،الرٹ جاری

دوسری جانب ملک کے وسطی اور جنوبی حصوں میں کل بھی موسم شدید گرم اور حبس زدہ رہے گا۔ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق دالبندین اور نوکنڈی میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا جبکہ گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔