مختلف علاقوں میں طوفانی بارشیں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ،الرٹ جاری

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)این ڈی ایم اےنے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کا خدشہ۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر الرٹس جاری کر دیئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 18 سے 23 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کا امکان ہے ۔

شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر تمام ممکنہ خطرات کی پیشگی نگرانی اور متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان کے دریاؤں اور ندی نالوں میں درمیانے سے بلند درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے بالائی و وسطی اضلاع اور پہاڑی برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔

آزاد کشمیر میں دریائے نیلم، جہلم، پونچھ اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے 19 سے 24 جولائی تک آزاد جموں و کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کردیا ۔

نیلم، حویلی، پونچھ، مظفرآباد اور باغ میں مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ جبکہ کوٹلی، سدھنوتی، میرپور اور بھمبر کے پہاڑی علاقوں میں بھی درمیانے درجے کے خطرات موجود ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مظفرآباد، باغ، کہوٹہ اور بھمبر کی شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب 17 سے 23 جولائی تک پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

شدید بارشوں کے باعث پنجاب اور بلوچستان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔