جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نگہت سلطانہ نے کہا ہے کہ ضلع جہلم ویلی کے حلقہ نمبر 6 اور 7 میں انتخابات کو پرامن، آزاد، منصفانہ اور شفاف بنانے کیلئےانتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوڈیشل، انتظامیہ اور حلقہ نمبر 6 اور 7 کے اُمیدواران کے ایک اہم مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں:
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ انتخابی عمل میں شفافیت لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور اُمیدواران پر زور دیا کہ وہ انتخابی قوانین کی پاسداری کریں اور امن و امان قائم رکھنے کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
سیاسی جماعتوں اور انتظامیہ کی شرکت:
اس اہم مشاورتی اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی، جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور اُمیدواران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی فیصل مغل، ایس پی عطاء الرحمن، ریٹرننگ افسران اور حلقہ نمبر 6 اور 7 کے دیگر اعلیٰ انتظامی حکام بھی موجود تھے۔
انتظامیہ پر اعتماد کا اظہار:
اجلاس کے اختتام پر مختلف سیاسی جماعتوں کے اُمیدواران اور نمائندوں نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نگہت سلطانہ کی جانب سے انتخابی انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ تمام شرکاء نے یقین دہانی کرائی کہ وہ پرامن اور شفاف انتخابی عمل کے انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ضلع جہلم ویلی میں حالات معمول کے مطابق، کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال بے اثر




