ضلع جہلم ویلی میں حالات معمول کے مطابق، کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال بے اثر

ضلع جہلم ویلی میں حالات مکمل طور پر پرامن، ہٹیاں بالا، چکار اور وادی لیپا کے بازار کھلے ہیں اور ٹریفک رواں ہے جبکہ ایکشن کمیٹی کے کور ممبر سید فیصل گیلانی بھی منظر عام سے غائب ہو گئے ہیں۔

ضلع جہلم ویلی میں حالات مکمل طور پر پرامن اور معمول کے مطابق رہے جبکہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی احتجاجی کال کا کوئی خاطر خواہ اثر دیکھنے میں نہیں آیا اور اسے عوامی پذیرائی حاصل نہ ہو سکی۔ کشمیر ڈیجیٹل کے نمائندے عمر بھٹی راجپوت کے مطابق ضلعی ہیڈکوارٹر ہٹیاں بالا، تحصیل چکار اور وادی لیپا سمیت ضلع بھر کے تمام چھوٹے بڑے بازار اور تجارتی مراکز حسبِ معمول کھلے رہے جہاں شہریوں کی معمول کی چہل پہل برقرار رہی۔ اس دوران سڑکوں پر پبلک اور نجی ٹریفک کی روانی بھی بلا تعطل جاری رہی جبکہ تمام مقامی شہری اپنے روزمرہ معمولات اور کاروباری سرگرمیوں میں مصروف دکھائی دیے جس نے ثابت کیا کہ عوام نے احتجاجی اور ہڑتالی کال کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ میں سی ایم ایچ کا محاصرہ ختم، شرپسند عناصر منتشر؛ فائرنگ کے تبادلے میں فورسز کے 4 اہلکار شہید، تجارتی مراکز اور شاہراہیں بحال

ضلعی انتظامیہ اور ذرائع کے مطابق تمام سرکاری دفاتر بھی اپنے مقررہ اوقات کے مطابق کھلے رہے اور ملازمین نے معمول کے مطابق فرائض سرانجام دیے جبکہ ضلع بھر میں کسی بھی مقام پر کسی قسم کے احتجاج، ریلی، دھرنے یا مظاہرے کی کوئی سرگرمی دیکھنے میں نہیں آئی۔ رپورٹ کے مطابق جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر سید فیصل گیلانی بھی پورے ضلع میں کہیں منظر عام پر نظر نہیں آئے اور نہ ہی ان کی جانب سے کوئی نمایاں احتجاجی سرگرمی سامنے آ سکی۔ مجموعی طور پر پورے ضلع جہلم ویلی میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تسلی بخش رہی اور معمولاتِ زندگی کسی بھی تعطل کے بغیر پرامید اور پرامن ماحول میں جاری رہے۔

مزید پڑھیں: راولاکوٹ، کالعدم ایکشن کمیٹی کا حملہ،4اہلکار شہید، 20سے زائد زخمی،آئی جی کا سخت انتباہ جاری