فرانس

فٹبال ورلڈ کپ : تیسری پوزیشن کا سنسنی خیز مقابلہ ، انگلینڈ نے فرانس کو 6-4 سے ہرا دیا

میامی میں کھیلے گئے فٹبال ورلڈ کپ کے سنسنی خیز اور تاریخی میچ میں انگلینڈ نے فرانس کو 4 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی ۔ یہ میچ ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے مقابلوں میں سب سے زیادہ گول اسکور ہونے کا ایک نیا ریکارڈ بھی بن گیا ہے۔

میگا ایونٹ کے اس اہم معرکے کے لیے انگلش ٹیم کے مینیجر نے ایک بڑا جرات مندانہ فیصلہ کیا اور کپتان ہیری کین سمیت ٹیم میں سات اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے نئی حکمت عملی کے ساتھ کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا۔ کھیل کے آغاز سے ہی انگلینڈ کی ٹیم انتہائی جارحانہ موڈ میں دکھائی دی۔

میچ کے تیسرے ہی منٹ میں ڈیکلن رائس نے ایک شاندار گول داغ کر فرانسیسی ٹیم پر نفسیاتی دباؤ بڑھا دیا۔ شروعاتی خسارے کے بعد فرانس کے فارورڈز نے انگلش گول پر کچھ خطرناک حملے ضرور کیے لیکن انگلینڈ کے چست گول کیپر نے دیوار بن کر گیند کو جال میں جانے نہ دیا۔

سیمی فائنل کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے، انگلش ٹیم نے سبقت حاصل کرنے کے بعد دفاعی کھیل اپنانے کے بجائے اپنی جارحانہ حکمت عملی کو برقرار رکھا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فٹبال ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے لیے ٹرافی کے ساتھ پہلی بار چیمپیئن شپ رنگز کا اعلان

اس کا صلہ انہیں پہلے ہی ہاف میں مزید تین گولز کی شکل میں ملا۔ کونسا نے 18ویں منٹ میں گیند کو نیٹ کی راہ دکھائی جبکہ اسٹار کھلاڑی بوکایو ساکا نے پہلے 37ویں منٹ اور پھر فرسٹ ہاف کے انجری ٹائم میں شاندار گول کر کے انگلینڈ کی برتری کو 4-0 کر دیا۔

تاہم، دوسرے ہاف میں فرانسیسی ٹیم بالکل بدلی ہوئی اور زیادہ پرعزم نظر آئی۔ اسٹار اسٹرائیکر کیلیان ایم باپے نے فرانس کی طرف سے پہلا گول کر کے واپسی کا راستہ بنایا، جس کے بعد بارکولا نے دوسرا گول داغ کر مقابلہ دلچسپ کر دیا۔ جلد ہی ایم باپے نے ایک اور گول کر کے فرانس کو میچ میں مکمل طور پر واپس لا کھڑا کیا۔

اس ہیجان انگیز صورتحال میں انگلینڈ کو ایک پنالٹی ملی، جس پر ساکا نے کوئی غلطی نہ کی اور گول کر کے نہ صرف اسکور 5-3 کیا بلکہ اپنی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فٹبال ورلڈ کپ 2026: لیونل میسی کی ہیٹ ٹرک، ارجنٹائن کا الجزائر کے خلاف فاتحانہ آغاز

فرانس کی جانب سے چوتھا گول دیمبیلے نے اسکور کر کے سسپنس برقرار رکھا، لیکن میچ کے آخری لمحات میں جیوڈ بیلہمگہم نے انگلینڈ کیلئےچھٹا گول کر کے فرانس کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور اپنی ٹیم کی 6-4 سے تاریخی جیت پر مہر لگا دی۔