جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ 17 جولائی کو پارٹی کے چیئرمین اور ممتاز کشمیری حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی موجودہ غیر قانونی نظربندی کے نو سال مکمل ہو رہے ہیں
بطل حریت شبیر احمد شاہ مجموعی طور پر اپنی زندگی کے تقریباً انتالیس سال اور چھ ماہ مختلف جیلوں اور عقوبت خانوں میں گزار چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی، انصاف اور حقِ خودارادیت کی کسی بھی تحریک میں اتنی طویل اسیری کی مثالیں بہت کم ملتی ہیں۔ شبیر احمد شاہ کی زندگی استقامت، اصول پسندی اور قومی مقصد سے غیر متزلزل وابستگی کی ایک درخشاں داستان ہے۔
محمود احمد ساغر کا مزیدکہنا تھا کہ شبیر احمد شاہ نے اپنی پوری سیاسی زندگی جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے وقف کر دی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ آزادکشمیر کے وفد کی اہم ملاقات
انہوں نے طویل قید، تنہائی، جسمانی و ذہنی اذیت، شدید علالت اور ہر طرح کے دباو¿ کے باوجود اپنے اصولی موقف سے کبھی دستبرداری اختیار نہیں کی۔
ان کا عزم اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ طاقت کے ذریعے نہ نظریات کو قید کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی قوم کی آزادی کی امنگ کو دبایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شبیر احمد شاہ کی جدوجہد کو عالمی سطح پر بھی غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی۔ 1994 میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے انہیں “Prisoner of Conscience” (ضمیر کا قیدی) قرار دے کر اس بات کا اعتراف کیا کہ انہیں اپنے پرامن سیاسی نظریات کے اظہار کی پاداش میں قید رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ شبیر احمد شاہ کی بے مثال استقامت اور طویل اسیری کے باعث انہیں دنیا بھر میں “کشمیر کا نیلسن منڈیلا” بھی کہا جاتا ہے، جو ان کی پرامن اور اصولی جدوجہد کا عالمی اعتراف ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایران کا باب المندب بند کرنے کی دھمکی، عالمی توانائی بحران کا خدشہ
قائم مقام چیئرمین نے کہا کہ شبیر احمد شاہ کی شخصیت لاکھوں کشمیریوں کے لیے امید، حوصلے اور ثابت قدمی کی علامت ہے۔
ان کی قربانیاں اس امر کی یاد دہانی کراتی ہیں کہ آزادی، انصاف اور انسانی وقار کے لیے جدوجہد کرنے والے افراد تاریخ میں ہمیشہ عزت اور احترام کے ساتھ یاد رکھے جاتے ہیں۔
محمود احمد ساغر نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں، بالخصوص ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور دیگر متعلقہ بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ شبیر احمد شاہ سمیت تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کی مسلسل اور طویل نظربندی، ان کی بگڑتی ہوئی صحت اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور ان کی رہائی کیلئے موثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اپنے قائد شبیر احمد شاہ کی عظیم قربانیوں، ناقابلِ تسخیر عزم اور تاریخی جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول تک یہ پرامن اور اصولی جدوجہد جاری رہے گی۔




