چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ آزادکشمیر کے وفد کی اہم ملاقات

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیرکے افسران کے وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں عدالتی نظام میں ادارہ جاتی تعاون، پیشہ ورانہ استعداد کاراور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو بہتر عدالتی سہولیات فراہم کرنے سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ آزاد کشمیر کا وفد دو روزہ مطالعاتی دورے پر سپریم کورٹ آف پاکستان پہنچا ہے۔

دورے کے دوران چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے مؤثر عدالتی انتظام، بہترین طریقہ کار کے تبادلے اور باہمی تعاون کو انصاف کی فراہمی میں مزید بہتری کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایران کا باب المندب بند کرنے کی دھمکی، عالمی توانائی بحران کا خدشہ

وفد کو سپریم کورٹ میں جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہیں ای فائلنگ سسٹم، ویڈیو لنک سماعت، ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ سسٹم اور نیشنل جوڈیشل اینالیٹکس ڈیش بورڈ سمیت جدید عدالتی نظام اور ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات سے آگاہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی خصوصی کاوشوں اور ادارہ جاتی استعدادِ کار کے فروغ کے وژن کے تحت سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے افسران کے ایک وفد نے سپریم کورٹ آف پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا۔

وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس یحیی آفریدی سے ملاقات کی، جنہوں نے وفد کاخیرمقدم کرتے ہوئے ادارہ جاتی تعاون، پیشہ ورانہ استعدادِ کار اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے مؤثر عدالتی انتظام اور عوام کو بہتر اور بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے باہمی تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔

دورے کے دوران وفد کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جو عوام دوست، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ، شفاف اور مؤثر نظامِ انصاف کے قیام پر مرکوز ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شہبازشریف کی پیٹرول کی قلت پیدا کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

وفد کو ای فائلنگ، ویڈیو لنک سماعت، ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ، نیشنل جوڈیشل اینالیٹکس ڈیش بورڈ، پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر اور دیگر جدید تکنیکی اصلاحات سے آگاہ کیا گیا۔سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے وفد نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے انتظامی و عدالتی امور کا جائزہ لینے کے علاوہ پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر، سپریم کورٹ میوزیم اور آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کا بھی دورہ کیا۔

وفد نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی اصلاحاتی اور تکنیکی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ڈیجیٹل نقول کے اجرا، کیس مینجمنٹ اور دیگر شعبہ جات میں ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے چیف جسٹس جسٹس راجہ سعید اکرم خان کے اس وژن کو بھی اجاگر کیا گیا کہ عدلیہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے عوام کو مؤثر، قابلِ رسائی اور بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

دونوں اداروں نے باہمی تعاون، پیشہ ورانہ استعدادِ کار اور بہترین طریقہ کار کے مسلسل تبادلے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام دوست نظامِ انصاف کے فروغ کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔