آزادکشمیر کے عوام خون خرابے کی حمایت نہ کریں،ن لیگ کو ووٹ دیں، مریم نواز کی ہاتھ جوڑ کر اپیل

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزادکشمیر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تشدد اور خون خرابے کی حمایت نہ کریں اور آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں۔

عارف والا میں تقریب سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ میں آزاد کشمیر کے لوگوں کے سامنے ہاتھ جوڑ کر امن کی درخواست کرنا چاہتی ہیں اور مجھے وہاں حکومت بنانے کا شوق نہیں ہے لیکن چاہتی ہوں جیسی ترقی پنجاب میں ہوئی ایسی ہی وہاں بھی ہو۔

یہ بھی پڑھیں:کشمیری عوام کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اہم ترین پیغام

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور تعلیمی اصلاحات کے ذریعے سرکاری اداروں کا معیار نجی تعلیمی اداروں کے برابر لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں نااہل حکومتوں کی وجہ سے تعلیم کا شعبہ نظرانداز رہاتاہم موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں عملی اقدامات کرکے صورتحال بدلنے کا آغاز کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں اس وقت 49 ہزار سرکاری اسکول موجود ہیں، جن میں سے 10 ہزار اسکولوں کو اپ گریڈ کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی اسکولوں کے درمیان تعلیمی معیار کا فرق ختم کرنا حکومت کی پالیسی ہے اور سرکاری اسکولوں کے بچوں کو بھی نجی اداروں جیسی جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر میں 300 نواز شریف اسکول آف ایمیننس قائم کیے جا رہے ہیں اور مستقبل میں ان کا دائرہ کار ہر ضلع کے بعد ہر تحصیل تک بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ مستفید ہو سکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان اداروں میں تعینات اساتذہ کو بین الاقوامی معیار کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔

طلبہ کے لیے خصوصی سہولتوں کا اعلان کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اگر کسی طالب علم کے پاس وسائل نہیں ہیں تو حکومت انہیں آئی پیڈ اور لیپ ٹاپ فراہم کرے گی تاکہ وہ جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم حاصل کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:ڈڈیال، ن لیگی رہنما راجہ شعیب عابد امیدوار اظہرصادق کے حق میں دستبردار

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے ہونہار اسکالرشپ پروگرام بھی جاری رہے گا تاکہ کوئی بھی باصلاحیت طالب علم مالی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔

آخر میں وزیراعلیٰ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور انہیں خطرناک مقامات پر نہ بھیجیںجبکہ حکومت پنجاب نوجوان نسل کو معیاری تعلیم، جدید سہولتوں اور روشن مستقبل کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔