ہیلی کاپٹر کی وفاق سے مانگ کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا موقف سامنے آگیا

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان کی سوشل میڈیا پر ہیلی کاپٹر کی مانگ کے معاملے پر گردش کرنیوالی خبروں کی تردید کردی۔۔

جن میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی مواد کی ترسیل اور انتخابی عملے کی مختلف مقامات پر تعیناتی کیلئے وفاقی حکومت سے ہیلی کاپٹر طلب کیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیرانتخابات : الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کا ہیلی کاپٹر کی فراہمی کے لیے وفاق کو خط

ترجمان نے واضح کیا کہ وفاق سے ہیلی کاپٹر کی فراہمی کی جو درخواست کی گئی جس کا مقصد صرف پولنگ کے روز27جولائی کو چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران کے مختلف اضلاع کے دورے کو ممکن بنانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران اس روز مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کر کے انتخابی عمل کا جائزہ لیتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حتمی پولنگ اسکیم جاری، انتخابات 27 جولائی کو ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن نے بعض حلقوں میں التواء کی خبریں مسترد کر دیں

انہوں نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر صرف ایک دن کیلئے فراہم کیا جائے گا اور اسے انتخابی سامان یا عملے کی ترسیل کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ ماضی کے عام انتخابات میں بھی چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران پولنگ کے روز ہیلی کاپٹر کے ذریعے مختلف اضلاع اور پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کرتے رہے ہیں تاکہ انتخابی عمل کی نگرانی اور جائزہ لیا جا سکے۔