ملک کے مختلف علاقوں میں آج آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں گرم اور مرطوب موسم جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے۔ تاہم شام اور رات کے دوران کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار کے چند مقامات پر آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری یا موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں دن کے وقت گرم اور مرطوب موسم رہے گا، جبکہ دوپہر کے بعد مطلع جزوی ابر آلود ہونے اور شام یا رات کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی گرم اور مرطوب موسم متوقع ہے، تاہم شام اور رات کے اوقات میں مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آج سے10جولائی تک موسلا دھار بارشیں؟ این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

خیبرپختونخوا کا موسم:

صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی گرم اور مرطوب موسم برقرار رہے گا۔ تاہم چترال، دیر، سوات، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، کرم، کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی اور ملحقہ علاقوں میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹنے کی امید ہے۔

سندھ اور بلوچستان کی صورتحال:

دوسری جانب، صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔ ادھر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم صوبے کے ساحلی علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم متوقع ہے۔

مزید پڑھیں: کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی نوید، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری