اسلام آبا د (کشمیر ڈیجیٹل)وزارت مذہبی امور نے گزشتہ سال نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے فریضہ حج ادا کرنے والے تمام حجاج کرام سے ان کی آراء، شکایات اور تجاویز طلب کر لی ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے جاری اعلامیے کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد پرائیویٹ کمپنیوں کی کارکردگی کو جانچنا اور مستقبل میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے آپریٹرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانا ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق، نجی اسکیم کے تحت حج کرنے والے تمام عازمین اپنے ٹور آپریٹرز کے خلاف کسی بھی قسم کے اعتراضات، شکایات یا خدمات کو بہتر بنانے کے لیے اپنی قیمتی تجاویز 20 جولائی تک جمع کروا سکتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کیخلاف رپورٹنگ کیوں کی؟سینئر صحافی ابصار عالم کو سنگین نتائج کی دھمکیاں
ترجمان نے واضح کیا ہے کہ حجاج کرام کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنی شکایات تحریری طور پر، دستخط کے ساتھ اور تمام متعلقہ دستاویزی شواہد یا ثبوتوں کے ہمراہ ارسال کریں۔ بغیر ثبوت اور مقررہ طریقہ کار کے ہٹ کر کی جانے والی شکایات پر کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
حج پالیسی کے تحت وزارت نے تمام نجی کمپنیوں سے پہلے ہی 5 فیصد پرفارمنس گارنٹی (مالی ضمانت) حاصل کر رکھی ہے۔ اگر کسی کمپنی کے خلاف شکایات درست ثابت ہوئیں تو اس ضمانتی رقم سے حجاج کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ اب نجی ٹور آپریٹرز کے لائسنسوں کی تجدید، معطلی یا منسوخی کا حتمی فیصلہ حجاج کے اسی فیڈ بیک اور کمپنیوں کی مجموعی کارکردگی کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔
حجاج کرام اپنی دستخط شدہ شکایات اور شواہد وزارت مذہبی امور کے پتے پر بذریعہ ڈاک بھیج سکتے ہیں یا پھر آفیشل ای میل کے ذریعے بھی آن لائن جمع کروا سکتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حج 2027 آن لائن رجسٹریشن : پہلے 24 گھنٹوں میں 20 ہزار سے زائد درخواستیں موصول
وزارت نے واضح کر دیا ہے کہ 20 جولائی کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد موصول ہونے والی کوئی بھی درخواست قابلِ سماعت نہیں ہوگی۔




