عبد الجبار

حلقہ 7میں بڑا اپ سیٹ کریں گے، اُمیدوار استحکام پاکستان پارٹی چوہدری عبد الجبار

ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل/عمر بھٹی راجپوت)کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جاری تحریک اور اس کے باعث آزاد کشمیر بالخصوص مظفرآباد ڈویژن میں پیدا ہونے والی صورتحال پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان استحکام پارٹی حلقہ نمبر 7کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری عبد الجبار ایڈووکیٹ نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا دھرنا راولاکوٹ میں ہے لیکن اس کی سزا مظفرآباد ڈویژن کے عوام کو دی جا رہی ہے ۔

انٹرنیٹ بندش سے طلبہ کی تعلیم شدید متاثر ہو رہی ہے کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہو چکی ہیں آٹے کی قلت سے شہری پریشانی کا شکار ہیں جبکہ پٹرول کی عدم دستیابی کے باعث سرکاری اور نجی اداروں سمیت ٹرانسپورٹ کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

چوہدری عبد الجبار ایڈووکیٹ نے پارٹی چیئرمین علیم خان صدر پاکستان استحکام پارٹی آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس اور سیکرٹری جنرل نثار انصر ابدالی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت نے ان پر اعتماد کا اظہار کر کے ایک بڑی ذمہ داری سونپی ہے جسے وہ عوامی خدمت کے ذریعے پورا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان استحکام پارٹی نوجوان قیادت کو آگے لا کر آزاد کشمیر میں مثبت اور باوقار سیاسی تبدیلی کی بنیاد رکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کشمیریوں کے اصل ہیرو ہیں جنہوں نے مئی 2025 میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر کشمیری عوام کے حوصلے بلند کیے اور دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنے دفاع اور کشمیری عوام کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

چوہدری عبد الجبار ایڈووکیٹ نے کہا کہ انتخابات کا بگل بجنے سے پہلے ہی وہ حلقے کے عوام کے درمیان موجود ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات 2026، 45 حلقے، 852 اُمیدوار میدان میں آگئے
انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی سے رہا تاہم 2021 کے انتخابات میں پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر انہوں نے پارٹی چھوڑ دی۔

بعد ازاں 2025 میں دوبارہ پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے لیکن جب انہوں نے دیکھا کہ پارٹی نظریاتی کارکنوں کے بجائے صرف الیکٹیبل امیدواروں کو ترجیح دے رہی ہے تو انہوں نے آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

بعد میں پاکستان استحکام پارٹی کے قیام کے بعد پارٹی قیادت نے انہیں حلقہ نمبر سات سے امیدوار نامزد کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان استحکام پارٹی نے مختصر عرصے میں آزاد کشمیر میں اپنی مضبوط شناخت قائم کی ہے اور نوجوان اور باصلاحیت قیادت کو آگے لا کر نئی سیاسی روایت قائم کی ہے۔

چوہدری عبد الجبار ایڈووکیٹ نے کہا کہ منتخب ہو کر ان کی اولین ترجیح محروم اور پسے ہوئے طبقات کی آواز بننا ہوگی۔ وہ عوام کو صحت تعلیم صاف پانی سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں گے ۔

نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور فنی تعلیم کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ نوجوان باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ نمبر 7 کے عوام اب تبدیلی کا فیصلہ کر چکے ہیں اور روایتی سیاست کو مسترد کریں گے۔ وہ پوری تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اتر رہے ہیں اور کسی کے لیے آسان حریف ثابت نہیں ہوں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد کی سیاست میں بڑا الٹ پھیر ،پی ٹی آئی سٹی صدر شازیہ اعوان پیپلز پارٹی میں شامل
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انشاء اللہ عوام کی بھرپور حمایت سے حلقہ نمبر 7 کی نشست جیت کر بڑا اپ سیٹ کریں گے اور عوام کی اُمیدوں پر پورا اتریں گے۔