شازیہ اعوان

مظفرآباد کی سیاست میں بڑا الٹ پھیر ،پی ٹی آئی سٹی صدر شازیہ اعوان پیپلز پارٹی میں شامل

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کی سیاست میں اس وقت ایک بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے جہاں پاکستان تحریک انصاف کی سٹی صدر شازیہ اعوان نے ساتھیوں اور حامیوں سمیت پی ٹی آئی چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔

انہوں نے اپنے دیرینہ سیاسی ساتھیوں اور حامیوں کے ہمراہ باقاعدہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی  میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے، جس سے خطے کے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
شازیہ اعوان کا شمار مظفرآباد میں تحریک انصاف کی صف اول کی خواتین رہنماؤں میں ہوتا تھا اور انہوں نے سٹی صدر کی حیثیت سے پارٹی کو مقامی سطح پر فعال کرنے کیلئے اہم کردار ادا کیا۔
تاہم حالیہ کچھ عرصے سے پارٹی کے اندرونی فیصلوں اور تنظیمی پالیسیوں پر تحفظات کے باعث انہوں نے یہ بڑا قدم اٹھایا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پیپلز پارٹی کو بڑا جھٹکا؛ دیوان چغتائی کو ٹکٹ دینے پر سینئر رہنماؤں کی علیحدگی، چوہدری عبدالجبار آئی پی پی میں شامل
پیپلز پارٹی کے مقامی قائدین اور مرکزی قیادت کی موجودگی میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران انہوں نے پی پی پی کا پرچم تھام کر پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
اپنے ایک بیان میں شازیہ اعوان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اب اپنے بنیادی منشور اور عوامی حقوق کے تحفظ سے دور ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے کارکنان میں مایوسی پھیلی ہوئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق، جمہوریت اور بالخصوص کشمیر کے کازکیلئے عملی جدوجہد کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق شازیہ اعوان کا تحریک انصاف چھوڑنا مظفرآباد شہر میں پی ٹی آئی کے تنظیمی ڈھانچےکیلئے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے جبکہ دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کی پوزیشن اس اہم حلقے میں مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کی الگ الگ ملاقاتیں
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں نے شازیہ اعوان اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ انہیں تنظیم میں مناسب مقام اور عزت دی جائے گی تاکہ وہ مل کر عوامی مسائل کے حل کیلئے کام کر سکیں۔