پٹہکہ/مظفرآباد:آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں حلقہ 1 وادی کوٹلہ میں مسلم لیگ (ن) سیاسی میدان میں پوری قوت کے ساتھ موجود ہے اور حریف جماعتوں کو پے در پے سیاسی دھچکے دے رہی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران وادی کوٹلہ کے گاؤں پرسچہ ہرنہ میں ن لیگ نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے جہاں اہم شخصیات نے اپنے خاندانوں سمیت ن لیگ کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گاؤں پرسچہ ہرنہ سے کمیل شاہ، الفت شاہ، قمر حسین شاہ، سردار علی شاہ، یاسر نقوی اور شیر علی شاہ نے اپنے پورے خاندان اور کثیر تعداد میں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) کی نامزد امیدوار محترمہ نورین عارف کے سیاسی قافلے میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر نئے شامل ہونے والے رہنماؤں اور ان کے خاندان کے افراد کا شاندار استقبال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کی بڑی وکٹ گر گئی، راجہ مظہر قیوم استحکام پاکستان پارٹی میں شامل
ن لیگ ہی تعمیر و ترقی کی ضامن ہے: انجینئر فراز عارف:
اس اہم سیاسی موقع پر ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) انجینئر فراز عارف نے نورین عارف کے قافلے میں شامل ہونے والے تمام نئے ساتھیوں اور معززین کو مبارکباد پیش کی اور انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں پُراعتماد انداز میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا آزاد جموں و کشمیر میں مستقبل انتہائی روشن ہے اور عوام ن لیگ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
انجینئر فراز عارف نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی پاکستان اور آزاد کشمیر میں جتنے بھی بڑے اور تاریخی تعمیر و ترقی کے کام ہوئے ہیں، ان سب کا حقیقی کریڈٹ صرف اور صرف مسلم لیگ (ن) کو ہی جاتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ 1 میں گزشتہ دورِ حکومت کے اہم ترین پراجیکٹس اور ترقیاتی کام جان بوجھ کر روکے گئے ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ آپ سب کے ووٹ کی پرچی کی طاقت سے ہم کامیاب ہو کر اس حلقے کو ایک بار پھر سے شاندار اور مثالی بنائیں گے۔




