کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل)کوٹلی میں مسلم کانفرنس کو بڑا دھچکا لگ گیا، عثمان کیانی نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم کانفرنس سے راہیں جدا کر کے راجہ فاتح محمود کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔
راجہ فاتح محمود عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیتیں گے: راجہ اسامہ اشفاق سرور
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے راجہ اسامہ اشفاق سرور نے کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راجہ فاتح محمود آمدہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا:
میں حلقے کے جس گھر میں بھی گیا، وہاں میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کے چاہنے والے ہی ملے۔
راجہ فاتح محمود عوامی حقوق، شہر کی صفائی اور صحت کی سہولیات کے لیے اپنے والد کی رحلت کے بعد سے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔
پارٹی قیادت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیں مکمل یقین ہے کہ حلقے کے عوام اس نوجوان قیادت کو بھاری مارجن سے کامیاب کروائیں گے۔
آزاد کشمیر میں 18 سیٹیں جیت کر حکومت بنائیں گے : راجہ اسامہ اشفاق سرور
کشمیر ڈیجیٹل کے ایک سوال کے جواب میں راجہ اسامہ اشفاق سرور نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابی میدان میں مسلم لیگ (ن) مضبوط پوزیشن میں ہے اور ہم 18 سیٹیں جیت کر حکومت تشکیل دیں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جس طرح پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا گیا ہے، بالکل اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا جائے گا۔
ایران-امریکہ معاہدہ پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے:
عالمی امور پر تبصرہ کرتے ہوئے راجہ اسامہ اشفاق سرور نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں سے ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدہ کرانا ایک تاریخ ساز کامیابی ہے، جو ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اہم سفارتی کامیابی میں وزیراعظم شہباز شریف کا کردار بھی انتہائی کلیدی ہے، جنہوں نے ہر مرحلے پر آرمی چیف کا بھرپور ساتھ دیا۔




