اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت خطے اور عالمی امن کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، برطانوی وزیر خارجہ نے امریکہ اور ایران کے مابین تعلقات میں بہتری اور حالیہ “اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” کی کامیابی کے لیے پاکستان کے متوازن اور مؤثر سفارتی کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے، فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں انتہائی قابلِ ستائش ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آبنائے ہرمز میں 60 روز تک ٹول ٹیکس نہیں لیا جائے گا، اسحاق ڈار
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہرایا کہ اسلام آباد ہمیشہ سے خطے میں باہمی احترام اور امن و استحکام کا داعی رہا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی سطح پر تنازعات کے حل کے لیے فریقین کے درمیان تعمیری روابط اور سفارت کاری کو فروغ دینے کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار مستقبل میں بھی جاری رکھے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اسحاق ڈار کا سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال
دونوں رہنماؤں نے پاک-برطانیہ تعلقات کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔ گفتگو کے دوران اس بات کا عزم کیا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے رابطوں کو مزید مستحکم کیا جائے گا اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔ حالیہ سفارتی رابطہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی فعال اور کامیاب خارجہ پالیسی کے اعتراف کو ظاہر کرتا ہے۔




