پاکستان الیکٹرانک ذرائع ابلاغ نگران ادارے (پیمرا) نے جیو نیوز کے خلاف بڑا ریگولیٹری اقدام کرتے ہوئے چینل کا لائسنس فوری طور پر پندرہ روز کے لیے معطل کر دیا ہے اور ملک بھر کے تمام کیبل آپریٹروں اور نشریاتی تقسیم کاروں کو جیو نیوز کی نشریات بند کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جیو نیوز پر دس محرم الحرام، چھبیس جون دو ہزار چھبیس کو نشر کیے گئے پروگرام “سفرِ عشق” میں ایسی مذہبی تصویر کشی اور تصوراتی عکاسی کی گئی جو ناقابل قبول قرار دی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ مواد نہ صرف لائسنس کی شرائط کی خلاف ورزی ہے بلکہ مذہبی، معاشرتی اور ثقافتی اقدار و روایات کے بھی منافی ہے۔
پیمرا کے مطابق اس پروگرام میں پیش کیے گئے مناظر قوانین اور ضابطہ اخلاق کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں، جس سے مذہبی جذبات مجروح ہوئے اور مذہبی ہم آہنگی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔ اسی بنیاد پر جیو نیوز کا لائسنس فوری طور پر پندرہ روز کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کراچی: چورنگی کے قریب دستی بم حملہ ناکام،جوابی کارروائی میں 5دہشتگرد واصل جہنم
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مذہبی نوعیت کے پروگرام نشر کرتے وقت جیو نیوز پر لازم تھا کہ وہ انتہائی احتیاط سے کام لیتا اور ادارے کی داخلی جانچ کمیٹی ایسے مواد کا مکمل جائزہ لیتی، تاہم چینل اس ذمہ داری کو مؤثر انداز میں نبھانے میں ناکام رہا۔
پیمرا نے تمام سیٹلائٹ سروس فراہم کرنے والوں، کیبل آپریٹروں اور دیگر نشریاتی تقسیم کاروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فوری طور پر ان احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور جیو نیوز کی نشریات معطل کر دیں۔
اعلامیے کے مطابق اس معاملے کو مزید کارروائی کے لیے پیمرا کی شکایات کونسل کے سپرد بھی کر دیا گیا ہے، جہاں سماعت کے بعد مزید ریگولیٹری اقدامات سے متعلق سفارشات مرتب کی جائیں گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم انتشاری کمیٹی کے سرغنہ عمر نذیر کی علاقے میں ناکہ بندی اور فائرنگ کے ذریعے دہشت پھیلانے کی مذموم سازش
پیمرا نے جیو نیوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ادارے کے اندر بھی مکمل انکوائری کرے، ذمہ داران کا تعین کرے اور مؤثر اقدامات کے ذریعے اس بات کو یقینی بنائے کہ آئندہ ایسی خلاف ورزی دوبارہ پیش نہ آئے۔




