صدرِ مملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہباز شریف نے یومِ عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں واقعہ کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اتحاد، رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا ہے ۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء کی قربانی رہتی دنیا تک حق اور سچائی کی علامت رہے گی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ عاشور ہمیں صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا دائمی درس دیتا ہے ۔
انہوں نے واضح کیا کہ واقعہ کربلا یہ پیغام دیتا ہے کہ اصولوں اور اخلاقی اقدار کی پاسداری ہی کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سی پیک نے گلگت بلتستان کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھول دیے، صدر آصف علی زرداری
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں ہمیں عدل و انصاف، صبرو برداشت اور ذمہ داری کے اوصاف کو اپنے اندر بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔
انہوں نے علما کرام، مشائخ، ذاکرین اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ یومِ عاشور کے حقیقی فلسفے کو اجاگر کریں، معاشرے سے اختلافات، نفرت اور انتشار کا خاتمہ کر کے بین المسالک احترام، یکجہتی اور بھائی چارے کی فضا کو قائم کریں ۔
دوسری جانب، صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ واقعہ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ انسانیت کے لیے ایک زندہ درسگاہ اور مشعلِ راہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں سکھاتا ہے کہ ظلم کے سامنے کبھی سر نہیں جھکانا چاہیے، خواہ اس کے لیے کتنی ہی بڑی قربانی کیوں نہ دینی پڑے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان عالمی امن کیلئے ہر مثبت عمل کا حصہ بننے کو تیار ہے، وزیراعظم شہباز شریف
صدر مملکت نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملکی ترقی اور امن و امان کے لیے امن، رواداری، اور باہمی احترام کو فروغ دیں تاکہ ملک کو انتشار پسند عناصر سے محفوظ رکھا جا سکے ۔




