اسلام آباد ( کشمیر ڈیجیٹل) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سردار تنویر الیاس خان نے انتخابی سیاست میں ایک بڑا اور غیر معمولی سیاسی قدم اٹھاتے ہوئے بیک وقت چار اہم حلقوں سے انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کر لیا ۔
ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس خان نے حلقہ وسطی باغ، حلقہ نمبر 5 پونچھ، حلقہ اپر نیلم اور راولاکوٹ سٹی سمیت چار نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں جس کے بعد آزاد کشمیر کی سیاسی فضا میں نئی سرگرمی، غیر معمولی جوش و خروش اور سیاسی بحث کا آغاز ہو گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مذاکرات کامیاب ،سینیٹرمشتاق خان نے راولا کوٹ جانے کا فیصلہ ترک کردیا،حکومت آزادکشمیر
سیاسی مبصرین کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے مقبول ترین عوامی رہنماؤں میں شمار ہونے والے سردار تنویر الیاس خان کی جانب سے بیک وقت چار حلقوں سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ ایک اہم سیاسی پیشرفت ہے جو مختلف علاقوں میں ان کی مضبوط عوامی حمایت اور سیاسی اثر و رسوخ کا عکاس ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے نے انتخابی منظرنامے کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں کو اپنی انتخابی حکمت عملی پر نظرثانی کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مہاجرین نشستوں پرکاغذات نامزدگی کا عمل جاری، 146امیدوار سامنے آگئے
دوسری جانب سردار تنویر الیاس خان کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد مختلف حلقوں میں کارکنان اور عوام کی جانب سے بھرپور، مثبت اور حوصلہ افزا ردعمل سامنے آ رہا ہے
جبکہ متعدد مقامات پر کارکنان نے اس اقدام کو عوامی خواہشات کی ترجمانی قرار دیتے ہوئے اسے پاکستان پیپلز پارٹی کیلئے نیک شگون قرار دیا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سردار تنویر الیاس خان کی متحرک قیادت، عوامی رابطہ مہم، عوامی مسائل حل کیلئے عملی کاوشوں اور عوام دوست سیاسی کردار نے انہیں آزاد کشمیر کی سیاست کا ایک مؤثر اور مقبول رہنما بنا دیا ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان کا کہنا ہے کہ سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں پارٹی انتخابی میدان میں پہلے سے زیادہ مضبوط اور منظم انداز میں سامنے آئے گی ۔
عوام کے بے پناہ اعتماد، کارکنان کی شبانہ روز محنت اور بھرپور انتخابی مہم کے ذریعے ان حلقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی مزید مستحکم اور مؤثر سیاسی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گی۔




