امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک بہترین فوجی سپہ سالار قرار دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر پہلے دن سے ہمارے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت کردار کو پسند کیا گیا ہے ۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کے بعد، امریکی نائب صدر نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مل کر میڈیا کو بریفنگ دی ۔ اس موقع پر انہوں نے دنیا اور خطے کی سیکیورٹی کے معاملات پر تفصیل سے بات چیت کی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیرِ اعظم شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی ملاقات
امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر میرے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بہت قریبی دوست ہیں ۔ انہوں نے پاکستان اور امریکا کے پرانے تعلقات اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا ۔
مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی پر بات کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ وہاں امن قائم کرنا ہماری سب سے پہلی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہم لبنان میں ہر صورت جنگ بندی (سیز فائر) کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہمیں اس مسئلے کا مستقل سفارتی حل نکالنے کا پورا اختیار دیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم امن کی ان کوششوں میں ایران کے مثبت کردار کی بھی امید رکھتے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جنگ بندی میں توسیع کا معاہدہ نہیں ہوا مگر امریکا اور ایران معاہدے کے قریب ہیں ، جے ڈی وینس
میڈیا سے گفتگو کے آخر میں انہوں نے پاک-امریکا تعلقات اور دنیا میں امن کے مستقبل پر بات کی اور عزم ظاہر کیا کہ ہم آگے چل کر مزید بہتر کام کرنا چاہتے ہیں تاکہ خطے سمیت پوری دنیا میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی نائب صدر نے آپسی تعاون کو مزید بڑھانے کا ارادہ بھی ظاہر کیا ۔




