فیفا ورلڈ کپ 2026: آج پانچ بڑے مقابلے، کونسی ٹیمیں آج میدان میں اتریں گی؟

فٹ بال کی دنیا کے سب سے بڑے میلے، فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور ٹورنامنٹ کے آٹھویں روز مختلف گروپس میں شامل ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے جا رہے اس میگا ایونٹ کے گروپ اسٹیج میں آج مجموعی طور پر پانچ اہم ترین میچز کھیلے جائیں گے جن میں کئی بڑی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف اکھاڑے میں اتریں گی۔

ٹورنامنٹ کی طوالت اور وسعت کے لحاظ سے رواں سال کا ورلڈ کپ پچھلے تمام ٹورنامنٹس سے منفرد ہے کیونکہ اس بار 32 کے بجائے 48 ٹیمیں ٹرافی کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔ اب تک کھیلے گئے افتتاحی میچز میں لیونل میسی، کیلین ایمباپے اور ایرلنگ ہالینڈ جیسے عالمی شہرت یافتہ اسٹارز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی نئے ریکارڈز اپنے نام کر لیے ہیں، جس کے بعد آج کے میچز کے لیے بھی مداحوں کا جوش و خروش عروج پر پہنچ چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈکپ، رونالڈو کا جادو نہ چلا، پرتگال اور کانگو کا میچ برابر ہوگیا

گروپ اسٹیج کے میچز کا مکمل شیڈول:

آج کھیلے جانے والے میچوں کی تفصیلات کے مطابق گروپ L میں گھانا کا مقابلہ پاناما سے ٹورنٹو، کینیڈا میں ہوگا جبکہ گروپ K کے ایک انتہائی اہم میچ میں ازبکستان اور کولمبیا کی ٹیمیں میکسیکو سٹی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس کے علاوہ گروپ A میں چیک جمہوریہ اور جنوبی افریقہ کے درمیان اٹلانٹا، امریکہ میں جوڑ پڑے گا، جب کہ گروپ B کے شیڈول میچز میں سوئٹزرلینڈ کا مقابلہ بوسنیا اینڈ ہرزیگووینا سے لاس اینجلس میں اور میزبان کینیڈا کا مقابلہ قطر سے وینکوور کے میدان میں ہوگا۔

ورلڈ کپ کے اب تک کے نمایاں ریکارڈز:

میگا ایونٹ کے ابتدائی میچز میں ارجنٹائن کے لیونل میسی نے الجزائر کے خلاف 3-0 کی فتح میں تاریخی ہیٹ ٹرک اسکور کر کے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 16 گول کرنے کا میروسلاو کلوز کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ دوسری جانب فرانس کے اسٹار کھلاڑی کیلین ایمباپے نے سینیگال کے خلاف 3-1 کی جیت میں دو شاندار گول داغ کر 58 گولز کے ساتھ فرانس کے آل ٹائم ٹاپ اسکورر بننے کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ نے اپنے ورلڈ کپ ڈیبیو پر عراق کے خلاف 4-1 کی یکطرفہ فتح میں دو گول کر کے اپنی ٹیم کو شاندار شروعات فراہم کی ہے۔

مزید پڑھیں: فیفا ورلڈکپ ،تیونس نے پہلے میچ میں شکست پرکوچ کو برطرف کردیا