مظفرآباد اور کشمیر بھر میں معمولاتِ زندگی برقرار؛ہڑتال کی کال بری طرح ناکام، بازار اور دفاتر کھل گئے

مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت ریاست بھر میں کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی احتجاج اور پہیہ جام ہڑتال کی کال بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ عوامی سطح پر اس کال کو مکمل طور پر مسترد کر دیا گیا ہے، جس کے بعد تمام اضلاع میں زندگی کا نظام اور کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق رواں دواں ہیں اور شہری روزمرہ کے امور میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، مظفرآباد، میرپور، راولاکوٹ، کوٹلی اور دیگر تمام چھوٹے بڑے شہروں میں صبح سے ہی تمام تجارتی مراکز، شاپنگ مالز اور بازار روزمرہ کی طرح کھلے رہے۔ پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ سڑکوں پر گامزن ہے جبکہ سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی اداروں میں بھی حاضری معمول کے مطابق دیکھی گئی۔ رپورٹس کے مطابق، عوام نے احتجاجی کال کو نظرانداز کرتے ہوئے امن اور ترقی کا ساتھ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی دکانیں کھولنے والے غریب تاجروں کو سوشل میڈیا کے ذریعے ہراساں کرنے لگی

حساس مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات:

کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے حساس مقامات پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ تاہم، پُرامن ماحول کے باعث کہیں سے بھی کسی احتجاج، زبردستی دکانیں بند کرانے یا ہنگامہ آرائی کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور کاروبار بلا تعطل جاری ہے۔

انتشار اور معاشی نقصان کے خلاف عوامی ردعمل:

مقامی تاجروں اور عام شہریوں نے اس صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ خطے میں مزید کسی قسم کے انتشار یا معاشی نقصان کے حق میں نہیں ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ امن و امان کا تسلسل ہی آزاد کشمیر کے حقیقی مفاد میں ہے، کیونکہ یہ خطہ کسی بھی نئی بدامنی یا معاشی تعطل کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے اس بات پر

زور دیا کہ ہر مسئلے کا حل صرف اور صرف پرامن مذاکرات سے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کیخلاف بڑا ایکشن

انتظامیہ کا دوٹوک مؤقف اور شہریوں کا تحفظ:

ریاستی انتظامیہ نے آزاد کشمیر بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انتظامیہ نے واضح الفاظ میں الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی بھی عنصر کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور پُرامن شہریوں کے جان و مال سمیت ان کے کاروبار کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔