اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک اہم خوشخبری دیتے ہوئے “سوہنی دھرتی ریمیٹنس پروگرام” کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق اس پروگرام کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو قانونی ذرائع کے ذریعے ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجنے کی ترغیب دینا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانی جب قانونی ذرائع سے رقوم پاکستان بھیجیں گے تو انہیں ہر ریمیٹنس پر مخصوص پوائنٹس دیے جائیں گے۔ یہ پوائنٹس بعد ازاں مختلف سرکاری اور نجی خدمات کے حصول کے لیے استعمال کیے جا سکیں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پروگرام کے تحت چار مختلف درجات متعارف کرائے گئے ہیں جن میں گرین، گولڈ، پلاٹینم اور ڈائمنڈ کیٹیگری شامل ہیں۔ ان درجات کا تعین ایک مالی سال کے دوران پاکستان بھیجی جانے والی مجموعی ترسیلاتِ زر کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ترسیلات زر بھیجنے اور وصول کرنے والے پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری
حکام کے مطابق ایک مالی سال میں 10 ہزار امریکی ڈالر تک ترسیلات بھیجنے والے افراد کو گرین کیٹیگری میں رکھا جائے گا اور انہیں ایک فیصد انعامی پوائنٹس ملیں گے۔ اسی طرح 10 ہزار ایک سے 30 ہزار امریکی ڈالر تک رقوم بھیجنے والوں کو گولڈ کیٹیگری میں 1.25 فیصد پوائنٹس فراہم کیے جائیں گے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق 30 ہزار ایک سے 50 ہزار امریکی ڈالر تک ترسیلات بھیجنے والے افراد پلاٹینم کیٹیگری کے تحت 1.5 فیصد انعامی پوائنٹس حاصل کریں گے، جبکہ 50 ہزار امریکی ڈالر سے زائد ترسیلات بھیجنے والوں کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں 1.75 فیصد انعامی پوائنٹس دیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق انعامی پوائنٹس نقدی کی صورت میں بھی استعمال کیے جا سکیں گے۔ اس کے علاوہ مختلف سرکاری خدمات میں رعایت اور سہولت کے حصول کے لیے بھی یہ پوائنٹس کارآمد ہوں گے۔
حکام نے بتایا کہ یہ پروگرام اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کے لیے موبائل ایپ کی صورت میں بھی دستیاب ہے، جہاں اوورسیز پاکستانی اپنے پوائنٹس، کیٹیگری اور دستیاب سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
سرکاری بیان کے مطابق پروگرام کے تحت پی آئی اے میں اضافی سامان کی سہولت، موبائل فون اور گاڑیوں پر ڈیوٹی ادائیگی، نادرا کے شناختی کارڈ اور نائیکوپ کی تجدید، اسٹیٹ لائف انشورنس کی پریمیم ادائیگی، او پی ایف اسکولوں کی فیس، پاسپورٹ کی تجدید اور دیگر مختلف سرکاری خدمات کے لیے انعامی پوائنٹس استعمال کیے جا سکیں گے۔
مزید پڑھیں: اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں مزیداضافہ،سعودی عرب سرفہرست
حکام نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ قانونی ذرائع سے ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجیں تاکہ قومی معیشت کے استحکام میں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اس پروگرام کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات اور مراعات سے بھی فائدہ اٹھا سکیں۔



