پاکستان نے مالدیپ میں ہونے والے ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی ۔
گرین شرٹس نے اپنے آخری راؤنڈ میچ میں افغانستان کو 0-2 سے شکست دیکر لگا تار دوسری کامیابی سمیٹی اور 35 سال بعد کسی سینئرعالمی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی ۔
پاکستان کی طرف سے عمر نواز اور ہارون حامد نے گول اسکور کیے۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے 4 ملکی ایونٹ میں اپنے 3میچز میں سے دو جیت کر فائنل میں اپنی جگی پکی کی ۔
یہ پاکستان کے سینئر مینز فٹ بال ٹیم کا 1991 کے ساؤتھ ایشین فیڈریشن (سیف) گیمز کے بعد پہلا بین الاقوامی فائنل ہوگا ۔ اس کیساتھ ہی پاکستان 1962 کے مردیکا ٹورنامنٹ کے بعد پہلی مرتبہ کسی آزاد یا اسٹینڈ الون عالمی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا ہے ۔
1962 میں پاکستان نے مردیکا ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا تھا جہاں اسے انڈونیشیا نے 1-2 سے شکست سے دوچار کیا تھا۔
مالدیپ کیخلاف 0-3 کی یادگار کامیابی کے بعد پاکستان کو فائنل میں رسائی کیلئے اتوار کو صرف ایک ڈرا درکار تھا، تاہم کوچ نولبرٹو سولانو کی ٹیم نے مثبت انداز اپناتے ہوئے ابتدا ہی سے حریف پر دباؤ برقرار رکھا ۔
پاکستان کو میچ کے 5ویں منٹ میں برتری حاصل ہوئی جب شائق دوست کی جانب سے دی گئی شاندار کراس پر عمر نواز نے ایک ٹچ میں گیند کو جال کی راہ دکھا دی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی سی بی : یونس خان اور حفیظ کو اہم ترین ذمہ داریاں ملنے کا امکان
ابتدائی گول کے بعد پاکستان نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور افغانستان کو واضح مواقع پیدا کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا ۔
پاکستان نے پہلے ہاف میں مزید مواقع بھی بنائے ۔ اوٹس خان کے پاس پر عیسیٰ سلیمان گول کرنے کے قریب پہنچے لیکن ان کی کوشش بار کے اوپر سے گزر گئی ۔
افغانستان کو پہلے ہاف کے اضافی وقت میں برابر کرنےکا سنہری موقع ملا جب کپتان اُمید پوپلزئی کی فری کک کراس بار سے ٹکرا گئی ۔
دوسرے ہاف میں افغانستان نے کم بیک کی کوشش کی لیکن پاکستانی ٹیم کا دفاع منظم رہا ۔
دوسری جانب پاکستان نے جوابی حملوں میں ایک اور موقع پر شائق دوست کی خوبصورت پاس پر علی آغا گول کرنے کی پوزیشن میں آئے مگر انکی شاٹ ہدف سے باہر چلی گئی ۔
میچ کے اختتامی لمحات میں پاکستان نے کامیابی پر اس وقت مہر ثبت کر دی جب انجری ٹائم کے پہلے منٹ میں ہارون حامد دفاعی کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گول کی جانب بڑھے اور زور دار شاٹ کے ذریعے گرین شرٹس کی برتری دگنی کر دی ۔
فیصلہ کن سیٹی بجتے ہی قومی پلئیرز اور آفیشلز نے تاریخی کامیابی کا جشن منایا ۔ یہ کامیابی قومی ٹیم کی حالیہ پیش رفت کا ایک اور اہم سنگ میل ہے، جس نے چند روز قبل مالدیپ کے خلاف 961 دن بعد اپنی پہلی بین الاقوامی فتح حاصل کی تھی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انڈر 23 فٹ بال چیمپئن شپ کا آغاز،ہاکی ٹورنامنٹ کا بھی اعلان
پاکستان اب 10 جون 2026کو کھیلے جانے والے فائنل میں بنگلا دیش یا افغانستان میں سے کسی ایک کا سامنا کرےگا ۔



