گرمیوں کے مہینوں میں شدید اور طویل گرمی کے باعث انسانی جسم میں پانی کی سطح تیزی سے کم ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے اکثر لوگ ڈی ہائیڈریشن (پانی کی کمی) کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اس تشویشناک صورتحال سے نمٹنے کے لیے ماہرینِ صحت نے بازار کے ڈبہ بند جوسز اور کاربونیٹڈ مشروبات یعنی کولڈ ڈرنکس کے بجائے الیکٹرولائٹ سے بھرپور قدرتی مشروبات کو ایک صحت بخش اور بہترین آپشن قرار دیا ہے۔
جسم میں نمکیات کی کمی کا قدرتی علاج:
ماہرینِ صحت کے مطابق گرمی کی شدت کا مقابلہ کرنے اور جسم میں نمکیات کی کمی کو پورا کرنے کے لیے مختلف قدرتی مشروبات انتہائی مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان میں سب سے پہلا اور اہم ترین نام ناریل کے پانی کا ہے، جو الیکٹرولائٹس سے بھرپور ایک قدرتی اور فرحت بخش مشروب ہے۔ اس کے صرف ایک کپ میں تقریباً 600 ملی گرام پوٹاشیم، 60 ملی گرام میگنیشیم اور 252 ملی گرام سوڈیم پایا جاتا ہے، جبکہ اس میں کیلوریز کی مقدار بہت کم ہوتی ہے جو گرم موسم میں جسم کو مؤثر طریقے سے ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 7 سے 12 جون ہیٹ ویو : محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا
پھلوں اور روایتی مشروبات کے فوائد:
دوسرے نمبر پر تربوز کا جوس ہے، جس میں پوٹاشیم، میگنیشیم اور وٹامن سی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ یہ غذائی اجزا نہ صرف الیکٹرولائٹس کی کمی کو پورا کرتے ہیں بلکہ ایسے اینٹی آکسیڈنٹس بھی فراہم کرتے ہیں جو فری ریڈیکلز کا مقابلہ کرنے میں مدد دیتے ہیں، اس لیے گرمیوں میں تازہ تربوز کا جوس ایک بہترین ہائیڈریٹنگ مشروب ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ لیموں کا شربت ہمیشہ سے گرمیوں کا ایک کلاسک اور ہر دلعزیز مشروب رہا ہے، جہاں تازہ لیموں کے رس کو پانی میں ملا کر اس میں ایک چٹکی سمندری نمک شامل کرنے سے الیکٹرولائٹ کی مقدار بڑھ جاتی ہے جو جسم کو پانی کی کمی سے بچاتی ہے۔
گھر کے بنے اسپورٹس ڈرنک اور فرحت بخش پانی کی تیاری:
ماہرین کا کہنا ہے کہ بازار کے ریڈی میڈ اسپورٹس ڈرنکس کے بجائے گھر پر ہی ایک صحت بخش مشروب تیار کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے پانی میں تازہ مالٹے کا رس، ایک چٹکی سمندری نمک اور ایک چمچ شہد یا ایگیو سیرپ اچھی طرح مکس کرلیں، یہ الیکٹرولائٹس کا قدرتی ذریعہ ہے جس میں بازار کے مشروبات کے مقابلے میں چینی انتہائی کم ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ کھیرے اور پودینے کا پانی بھی ایک بہترین انتخاب ہے، کیونکہ کھیرے میں پوٹاشیم اور میگنیشیم سمیت کئی اہم غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں، جبکہ پودینہ اس میں ایک بہترین اور فرحت بخش ذائقہ شامل کرتا ہے جو تپتے دنوں میں آپ کو تروتازہ رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں:گرمی کا زور ٹوٹ گیا! آزاد کشمیر سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ جاری
ایلوویرا جوس اور ہربل ٹی کی افادیت:
اس فہرست میں شامل ایلوویرا یعنی گوارپٹھا کا جوس وٹامنز، منرلز اور امینو ایسڈز سے بھرپور ہوتا ہے، جو جسم میں پانی کی سطح برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ نظامِ ہضم کی صحت کے لیے بھی مفید ہے۔ ماہرین کے مطابق بغیر کسی اضافی چینی یا مصنوعی ذائقوں کے خالص ایلوویرا جوس کا استعمال زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔ آخر میں، الیکٹرولائٹ سے بھرپور جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ ہربل ٹی روایتی سمر ڈرنکس کا ایک بہترین اور فرحت بخش متبادل ثابت ہوسکتی ہے، جو جسم میں سیال مادوں کا توازن برقرار رکھنے میں بھرپور مدد فراہم کرتی ہے۔




