فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے سینئر ترین کھلاڑی! کرسٹیانو رونالڈو بھی شامل

دنیا کے سب سے بڑے کھیل فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل ٹورنامنٹ کے پہلے دن کی تاریخ کے مطابق سینئر ترین کھلاڑیوں کی فہرست سامنے آ گئی ہے۔ کھیلوں کے معتبر شماریاتی ادارے ‘اوپٹا’ (Opta) کی جانب سے جاری کردہ اس فہرست میں اسکاٹ لینڈ کے گول کیپر کریگ گورڈن سب سے آگے ہیں، جبکہ پرتگال کے مایہ ناز فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے گول کیپر کریگ گورڈن ٹورنامنٹ کے پہلے دن 43 سال اور 162 دن کی عمر کے ساتھ ورلڈ کپ 2026 کے سینئر ترین کھلاڑی بن چکے ہیں۔ دوسرے نمبر پر پرتگال کے اسٹار فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو ہیں، جن کی عمر ورلڈ کپ کے آغاز پر 41 سال اور 126 دن ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان کے بعد میکسیکو کے مایہ ناز گول کیپر گیلرمو اوچوا کا نمبر آتا ہے جو 40 سال اور 333 دن کی عمر کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ میں کونسی ٹیمیں مضبوط ہیں اور ٹرافی کی مالیت کتنی ہے؟

جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کروشیا کے مڈفیلڈر لوکا موڈرچ بھی اس میگا ایونٹ کا حصہ ہیں اور ان کی عمر ٹورنامنٹ کے پہلے دن 40 سال اور 275 دن ہے۔ بوسنیا کے فارورڈ ایڈن ڈزیکو 40 سال اور 86 دن کی عمر کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہیں۔ اسی طرح جرمنی کے مایہ ناز اور تجربہ کار گول کیپر مینوئل نوئر 40 سال اور 76 دن جبکہ کیپ ورڈی (Cape Verde) کے گول کیپر وزینہا (Vozinha) 40 سال اور 8 دن کی عمر کے ساتھ اس مہم کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔

اس معزز اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر یوراگوئے کے گول کیپر فرنینڈو موسلیرا موجود ہیں۔ ٹورنامنٹ کے پہلے دن ان کی عمر 39 سال اور 360 دن ہوگی، جو انہیں ورلڈ کپ 2026 کے سینئر ترین کھلاڑیوں کے اس خاص کلب کا اہم رکن بناتی ہے۔ یہ تمام کھلاڑی اپنی عمر کے اس حصے میں بھی بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کر کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے فٹنس کی اعلیٰ مثال قائم کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026 کی تیاریاں مکمل: 48 ٹیموں کے اسکواڈز کا اعلان، 1248 کھلاڑیوں کی ریکارڈ شمولیت