کوششوں

صدر ٹرمپ کو ہمیشہ امن کے داعی کے طور پر یاد رکھا جائیگا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بروقت مداخلت سے پچھلے سال پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی، صدر ٹرمپ کو ہمیشہ امن کے داعی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

پاکستان میں امریکی مشن نے جمعرات کو امریکا کی آزادی کی 250 سالہ سالگرہ منائی اور اس اہم سنگِ میل کے موقع پر آزادی، وقار اور حقِ خود ارادیت کے اُن اصولوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی خصوصی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہبازشریف کو مذاکراتی کمیٹی کی بریفنگ ،مہاجرین نشستوں پر سمجھوتہ نہ کرنے پر اتفاق

تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نےحکومت اور عوام کی جانب سے صدر ٹرمپ، امریکی انتظامیہ اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امریکا کی تاریخ امید اور روشن خیالی کی داستان ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کا تعلق 8دہائیوں پر محیط ہے، انسداد دہشتگردی، تجارت ، سرمایہ کاری کے شعبے میں بہترین تعلقات ہیں، قیام پاکستان کے بعد امریکا ان اولین ملکوں میں شامل تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کے سبز انقلاب میں مدد دی ، ہزاروں پاکستانی گریجویٹ امریکا میں تربیت لے رہے ہیں، 10لاکھ پاکستانی امریکا کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہیں، پاکستان کی لیبر فورس امریکا میں بہت اہمیت رکھتی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پچھلے سال بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کو رکوانے میں کردار ادا کیا ، صدر ٹرمپ کو ہمیشہ ایک امن کے داعی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت آزادکشمیر میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے،تمام طبقات ذمہ داریوں کا احساس کریں، وزیراعظم

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ایک مخلص ثالث کے طور پر کردار ادا کررہا ہے، اعتماد کے اظہار پر امریکا اور ایران کے شکرگزار ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں کو بھی سراہتے ہیں، فیلڈ مارشل علاقائی امن اور استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔