پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خرم دستگیر نے نام لیے بغیر پیپلزپارٹی پر تنقید کے نشتر برسا دئیے۔
ہنزہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ اگلے 5 سال میں ہنزہ کو کراچی جیسا بنانا ہے یا لاہورجیسا؟ فیصلہ عوام کو کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان انتخابات: تحریک انصاف کے سنگین الزامات، پیپلز پارٹی کے ن لیگ سے شکوے
خرم دستگیر نےکہا کہ سڑکیں وہی بنائیں گے جنہوں نے ماضی میں شاہراہوں کا جال بچھایا، انہوں نےکہا جی بی سے بلوچستان تک ہر منصوبے پر شیر کا نشان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام 7 جون کو فیصلہ کریں کہ خطےکو لاہور جیسا صاف بنانا ہے یا کچرا کنڈی۔
ن لیگ کے عابد شیر علی نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے آپ کو نواز شریف چاہیے، عوام اسی کو اپنا لیڈر منتخب کریں جوان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہو۔
دوسری جانب گلگت میں انتخابی جلسے سے خطاب میں سعد رفیق نے کہا کہ انتشار پھیلانے، ریاستی اداروں پر حملے کرنے والے یا جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر بڑے شہروں کو کھنڈر بنانے والے عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے۔
یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کا دنگل بھی سج گیا، شیڈول جاری
سعد رفیق نے کہا کہ تعصب کی بات نہیں کام کا موازنہ کرلیں،کیا آپ اتنے حسین شہر کو کراچی کی طرح کھنڈر بنتا دیکھنا چاہتے ہیں یا اس کو لاہور اور پنجاب جیسی ترقی دینی ہے،فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دلانےکے لیے تمام ریاستی اداروں کو مل کر فیصلہ کرنا ہوگا، جب بھی اس خطے کی ترقی کا سفر شروع ہوا اس پر شب خون مارا گیا، بہترین سڑکیں اور ائیرپورٹس بنیں تو یہ خطہ سوئٹزرلینڈ بن سکتا ہے، ایسی پالیسیاں بنانی ہوں گی کہ جی بی کے عوام کو روزگار کے لیے دیار غیر نہ جانا پڑے۔




