سیاحوں کا آزادکشمیر میں داخلہ بند، حکومت نے ایڈوائزی جاری کردی

مظفرآباد: آزادکشمیر حکومت نے آج 5جون سے آزادکشمیر میں سیاحوں اور دیگر مقاصد کیلئے آنیوالے شہریوں کا داخلہ بند کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ جو سیاح اور دیگر لوگ آزادکشمیر میں ہیں وہ بھی آزادکشمیر کی حدود چھوڑ دیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کاسامنا نہ ہو۔

آزادکشمیر حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری میں سیاحت اور دیگر مقاصد کیلئے آزاد جموں وکشمیر آنیوالے افراد کو آگاہ کرتے ہوئے ان سے اپیل کی گئی ہے کہ آزاد کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی 09 جون کی احتجاجی کال کے پیش نظر 5جون سے 20جون 2026 تک آزادکشمیر میں سفر اور داخلے سے اجتناب کریں تاکہ کسی غیر متوقع صورتحال اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں: سینٹرل بار اور پریس کلب کی حکومت اور ایکشن کمیٹی کو ثالثی کی پیشکش

حکومت کی جانب سے اسوقت آزادکشمیر میں سیاحت و دیگر مقاصد کیلئے آئے ہوئے افراد سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ کل 05 جون کی شام تک آزادکشمیر کی حدود چھوڑ دیں تاکہ انہیں بھی کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یاد رہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 9 جون کو احتجاج کی کال دے رکھی ہے جبکہ حکومت کی کوشش ہے کہ معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے اور اس سلسلہ میں رابطے میں جاری ہیں مگر ایکشن کمیٹی کے رہنما احتجا ج پر بضد ہیں۔

حکومت کی جانب سے اس حوالے سے سپریم کورٹ آزادکشمیر میں بھی ریفرنس دائر کیا گیا ہے اور عدالت سے آئینی رائے مانگی گئی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت آزادکشمیر میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے،تمام طبقات ذمہ داریوں کا احساس کریں، وزیراعظم