ق لیگ

گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کا دنگل بھی سج گیا، شیڈول جاری

گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت خطے میں پولنگ 2 اگست 2026 بروز اتوار کو ہوگی، چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے انتخابی شیڈول کے نوٹیفکیشن پر باقاعدہ دستخط کر دئیے ہیں۔

الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ گلگت بلتستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ تاریخی بلدیاتی انتخابات خطے میں 22 سال کے طویل عرصے کے بعد منعقد کروائے جا رہے ہیں جس کے لیے ریٹرننگ افسران کی جانب سے پبلک نوٹس 6 جون کو جاری کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ووٹ ملے نہ ملے گلگت بلتستان میں سہولیات فراہم کروں گا ،نواز شریف

امیدوار 9 جون سے 15 جون تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے اور 16 جون کو نامزد امیدواروں کے ناموں کی فہرست شائع کی جائے گی۔

شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال سترہ جون سے بائیس جون تک کی جائے گی اور ریٹرننگ افسران کے فیصلوں یعنی کاغذات منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 27 جون مقرر کی گئی ہے ۔

اپیلیٹ اتھارٹی کی جانب سے ان اپیلوں پر فیصلے 28 جون سے 4 جولائی تک کیے جائیں گے انتخابی عمل کے اگلے مرحلے میں 6 جولائی کو امیدواروں کی تصحیح شدہ فہرست شائع کی جائے گی ۔

7جولائی کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی جبکہ آٹھ جولائی کو انتخابی میدان میں اترنے والے تمام امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے ۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان الیکشن، پنجاب پولیس کی بھاری نفری طلب

8جولائی کو ہی حتمی انتخابی فہرست شائع کی جائے گی جس کے بعد 2 اگست کو ووٹرز یونین کونسلز ڈسٹرکٹ کونسلز ٹاؤن کمیٹیز میونسپل کمیٹیز اور میونسپل کارپوریشنز کے جنرل ممبران کا انتخاب کریں گے اور یہ تمام شیڈول خواتین کیلئے مخصوص نشستوں پر بھی یکساں لاگو ہوگا۔

یاد رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات 7جون کو ہونے جا رہے ہیں جس کیلئے انتخابی مہم جاری ہے ۔