مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین کی 12 نشستوں سے متعلق حکومت کی جانب سے دائر آئینی ریفرنس کل سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر میں سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ میں دائر ریفرنس نمبر 01/2026 کی سماعت چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان، سینئر جج جسٹس رضا علی خان اور جسٹس خالد یوسف چوہدری پر مشتمل تین رکنی فل بینچ کرے گا۔ مقدمے کی سماعت کل صبح 9:30 بجے ہوگی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر کی عدالتی تاریخ کا بڑا فیصلہ،مجرم کو 10 کروڑ سے زائد دیت دینے کا حکم
ذرائع کے مطابق حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے دائر کیے گئے اس آئینی ریفرنس میں مہاجرین کی 12 نشستوں سے متعلق مختلف آئینی اور قانونی نکات پر عدالت عظمیٰ سے رائے طلب کی گئی ہے تاکہ اس معاملے میں پائے جانے والے ابہام کو دور کیا جا سکے اور آئندہ کے لیے واضح قانونی رہنمائی حاصل ہو سکے۔
سماعت کے دوران حکومت کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوں گے اور ریفرنس کے مختلف قانونی پہلوؤں پر معاونت فراہم کریں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نور مقدم قتل کیس؛ سپریم کورٹ نے ظاہر جعفر کی سزائے موت برقرار رکھی
مہاجرین کی 12 نشستوں کا معاملہ گزشتہ عرصے سے سیاسی اور آئینی حلقوں میں بحث کا موضوع بنا ہوا ہے، جس کے باعث سپریم کورٹ میں ہونے والی اس سماعت کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق عدالت عظمیٰ کی رائے آزاد کشمیر کے انتخابی، آئینی اور پارلیمانی معاملات پر دور رس اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
سپریم کورٹ میں ریفرنس کی سماعت سیاسی و قانونی حلقوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے اور اس مقدمے کو آزاد کشمیر کے آئینی و انتخابی نظام کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔




